کرائسٹ چرچ:27ڈسمبر۔(ایجنسیز)باکسنگ ڈے ٹیسٹ کی دلچسپی نہ صرف ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان دیکھنے کو مل رہی ہے بلکہ دوسری طرف کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان بھی زبردست جنگ جاری ہے۔ اس میچ میں سری لنکائی کپتان دنیش چندیمل نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بلے بازی کرنے کا موقع دیا۔نیوزی لینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 178 رن بنائے ، جس کے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم صرف 104 پر ڈھیر ہوگئی۔ سری لنکا کی اس اننگز کو پتوں کی طرح بکھیرنے میں ٹرینٹ بولٹ نے اہم رول ادا کیا۔ ایک وقت ایسا تھا کہ سری لنکا نے چار وکٹ گنواکر88 رن لئے تھے ، مگر اس کے بعد بولٹ کے طوفان میں صرف 20 منٹ میں ہی سری لنکائی ٹیم اڑ گئی اور محض 16 رن کا ہی اسکور بورڈ میں اضافہ کرسکی۔دراصل بولٹ نے اپنے 20 منٹ کے طوفانی اسپیل میں سوئنگ کے سہارے 15 گیندوں کے اندر چار رن دے کر سری لنکا کے چھ کھلاڑیوں کو پویلین لوٹا دیا۔ اس دوران بولٹ کے شکار روشن سلوا (21رن ) اور نروشن ڈکویلا ( 4رن ) کے علاوہ دلروان پریرا ، سرنگا لکمل ، دشمنتا چمیرا اور لاہرو کمار بنے۔ آخری چار بلے باز تو اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔ حالانکہ اس دوران جو چار رن بنے وہ ڈکویلا کے بلے سے چوکے کی شکل میں نکلے۔دلچسپ بات یہ رہی کہ اس دوران ایک اینڈ پر 33 رن بناکر کھڑے انجیلو میتھیوز اپنی لڑکھڑاتی ٹیم کو دیکھتے ہی رہ گئے اور ان کا کوئی بھی ساتھی ساتھ نہیں دے سکا اور یکے بعد دیگرے سب پویلین لوٹتے چلے گئے۔