بالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار نواز الدین صدیقی کی بہن صائمہ صدیقی جمعہ کے روز اس جہان فانی سے کوچ کر گئیں۔ وہ پچھلے 8 سالوں سے کینسر کے خلاف جنگ لڑ رہی تھی۔ انہوں نے پونے میں آخری سانس لی۔ اطلاعات کے مطابق، اس وقت فلم شوٹنگ کے سلسلہ میں نواز الدین اپنے بھائی فیض الدین کے ساتھ امریکہ میں ہے۔
گذشتہ سال اکتوبر میں، نواز نے اپنی بہن کے بارے میں سوشل میڈیا پر لکھا تھا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر اپنی بہن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ’’میری بہن 18 سال کی عمر میں چھاتی کے کینسرے میں مبتلا ہو گئی تھی لیکن اس نے ہمت، طاقت اور حوصلے سے اس بیماری کا مقابلہ کیا۔‘‘
13 اکتوبر کو کئے جانے والے اس ٹویٹ میں نواز نے مزید لکھا، ’’آج اس کی عمر 25 سال ہے اور وہ اب بھی لڑ رہی ہے۔ میں ڈاکٹر آنند کوپیکر اور ڈاکٹر لالیش بُشری کا شکر گزار ہوں کہ وہ انہیں لگاتار حوصلہ دیتے رہے۔ میں رسول پوکٹی کا بھی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے ان دونوں سے ملوایا۔‘‘
موصولہ اطلاعات کے مطابق، نوازالدین کی بہن صائمہ کی تدفین اترپر دیش کے ان کے آبائی گاؤں بوڑھانہ (مظفر نگر) میں کی جائے گی۔ آج اتوار کے روز ہونے والی تدفین کے دوران ان کے پورے کنبہ اور قریبی دوستوں کے موجود رہنے کی خبر ہے۔