ناندیڑ (9 اکتوبر 2018) : ناندیڑ کے مشہور و معروف مدینتہ العلوم ہائی اسکول میں *”خسرہ اور روبیلا”* امراض سے متعلق بیداری مہم پروگرام کا انعقاد کیا گیا. اس مہم کے تحت اسکول ہذا کے شفٹ اوّل اور شفٹ دوّم کے سبھی طالبات کی بہترین رہنمائی *نوڈل آفیسر معلّمہ محمدی عظمیٰ خان* کی زیر نگرانی میں پروجیکٹر کے ذریعے خسرہ اور روبیلا جیسی وبائی امراض کی مکمل و تفصیلی معلومات طالبات کو فراہم کی گئیں. اور ان کے خدشات کو دور کرتے ہوئے انھیں امراض سے ہونے والے خطرات سے آگاہ اور ٹیکہ اندازی کی اہمیت و افادیت سے روشناس کروایا گیا.


اس موقع پر صدر معلّمہ انصاری نثار فاطمہ میڈم* نے تمام طلبہ و طالبات کو بلا جھجک خسرہ اور روبیلا ٹیکہ لینے کی تلقین کی اور کہا کہ علاج کرانا اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا سنّت نبوی صلی الله عليه وسلم ہے. خسرہ اور روبیلا کے ٹیکے موذی امراض سے بچاؤ کے ضامن ہیں. یہ ایک خاص طرح کی سیرنج کے ذریعے دی جاتی ہے ۔ اس میں مقررہ خوراک سے کم یا زیادہ دوائی نہیں لی جا سکتی اور نہ ہی انجکشن دوباره استعمال ہو سکتا ہے۔ خسرہ اور روبیلا ٹیکہ پوری طرح محفوظ ہے، اس کے کوئی سائیڈ ایفیکٹس نہیں ہو تے۔ بچوں کو ٹیکہ تربیت یافتہ طبی کارکنوں کے ذریعے لگایا جاتا ہے۔ کئی لوگ اس کو لے کر غلط فہمیوں کا شکار ہیں جبکہ تمام ماہر امراض اطفال، سائنس دان، سماجی کارکن اور مذہبی رہنما ٹیکہ کاری کی حمایت کرتے ہیں۔ ہمارا عزم اور قومی مہم کا ساتھ ہی خسرہ اور روبیلا سے ملک کو نجات دلا سکتا ہے. ہمارا ایک قدم بچوں کی زندگی کو محفوظ کرسکتا ہے. آخر میں انھوں نے عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس ٹیکہ مہم کو کامیاب بنائیں اور اپنے تمام تر خدشات اور افواہوں کو بالائے طاق رکھ کر اپنے نو مہینے کی عمر سے لیکر پندرہ سال کی عمر تک کے تمام بچوں کو خسرہ اور روبیلا کا ٹیکہ ضرور بہ ضرور دلائیں. اور خسرہ اور روبیلا جیسی وبائی امراض کے خلاف مکمل تعاون کریں. اس موقع پر سبھی طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ خسرہ روبیلا ٹیکہ لینے کا عزم کیا. پروگرام کے اختتام پر صدر معلّمہ نے پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے اسکول ہذا کے تمام تدریسی و غیر تدریسی عملے کے تعاون کا بھرپور شکریہ ادا کیا.