ناندیڑ :5 ستمبر :(ورق تازہ نیوز) ناندیڑ کے معروف تعلیمی ادارہ مدینة العلوم ہائی اسکول میں شفٹ اوّل کے گرلز سیکشن میں یوم اساتذہ نہایت تزک و احتشام کے ساتھ مناکر سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر رادھا کرشنن کو یاد کیا گیا۔ اس سلسلہ میں اسکول ہذا میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جسکی صدارت صدر معلّمہ ثمینہ انجم میڈم نے کی. مہمان خصوصی میں ہردلعزیز و مشفق معلم محترم عبدالعليم سر بھی مدعو تھے. حال ہی میں انھیں اردو اساتذہ کی معروف تنظیم "مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا ناندیڑ” کی جانب سے "مثالی معلم ایوارڈ” سے نوازے جانے پر عبدالعلیم سر کو تہنیتی گُل پیش کر کے ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا اور مبارکباد دی گئی. انچارج معلّمہ خان نکہت یاسمین میڈم کی زیر سرپرستی میں پروگرام کی نظامت معلّمہ محمدی عظمیٰ خان نے بخوبی نبھائی. انھوں نے تاریخی واقعات کا احاطہ کرتے ہوئے یوم اساتذہ کی اہمیت وافادیت پر روشنی ڈالی. انھوں نے کہا کہ ایک استاد اپنی بے لوث محبت، محنت اور لگن سے طلبہ وطالبات کو نہ صرف تعلیم سے آراستہ کرتا ہے بلکہ ان کی زندگیوں کو اس طرح سے منور کرتا ہے کہ تعلیم سے فراغت کے بعد وہ علم کی روشنی گھر گھر پھیلا سکے اور ملک وسماج کو تعلیم کی روشنی سے آراستہ کرسکے۔

صدر معلّمہ ثمینہ انجم میڈم نے کہا کہ ہر انسان کی زندگی میں علم اور اساتذہ کی خاص اہمیت ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج ہم سب کو پورے اخلاص کے ساتھ یہ عہد کرنا ہوگا کہ جو علم ہم حاصل کریں گے اس کو پوری ایمانداری کے ساتھ دوسروں تک پہنچائینگے۔ انھوں نے طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی ہے جو انسان کو انسان اور عظیم بناتی ہے، انھوں نے کہا کہ والدین کے ساتھ ساتھ اساتذہ کا ادب و احترام بھی لازم ہے، اسلئے آج یوم اساتذہ کے موقع پر تمام طالبات کو عہد لینا چاہئے کہ وہ بہتر تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ اپنے اساتذہ کے احترام کو بھی ملحوظ رکھیں۔ اس موقع پر بھارت کے خلائی ادارہ ISRO کے زیر اہتمام "آن لائن اسپیس کوئز” میں شرکت کرنے والے ہونہار طالبات کو معلّمہ شاہانہ محمدی صاحبہ کے ہاتھوں توصیفی اسناد اور ان کی جانب سے ایگزام پیڈس بطور انعامات دئیے گئے. محترم عبدالعلیم سر نے بھی توصیفی اسناد حاصل کرنے والے سبھی ہونہار طالبات کو مبارکباد پیش کی. اور انھیں اسی طرح آئندہ مستقبل میں بھی ان مقابلہ جات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی اور اپنی دُعاؤں سے نوازا. پروگرام کے اختتام پر صدر معلّمہ ثمینہ انجم میڈم نے تقریب کو کامیاب بنانے کیلئے جمیع تدریسی و غیر تدریسی عملے اور طالبات کے تعاون کا شکریہ ادا کیا