ناندیڑ: پولیس کی کارروائی سارق کے قبضہ سے 14 موٹر سائیکلیں ضبط

ناندیڑ: 24 ستمبر ( ورقِ تازہ نیوز) خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مناٹھا پولیس نے ایک سارق کو حراست میں لے کر 14 موٹر سائیکلیں ضبط کی ہیں۔ یہ موٹر سائیکلیں ناندیڑ، ایوت محل، پربھنی، ہنگولی اضلاع کے مختلف علاقوں سے چوری کی گئی تھیں۔ گزشتہ کئی مہینوں سے ناندیڑ ضلع میں بھی مختلف مقامات پر ٹووہیلر چوری ہونے کی وارداتیں پیش آئی ہیں۔ روزانہ ٹووہیلر چوری کے مقدمات درج کیے جارہے ہیں۔ جس میں پولیس نے چند مجرمین کو حراست میں لے کر ان کے قبضہ سے موٹر سائیکلیں ضبط بھی کی ہیں۔

تاہم چوریوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ناندیڑ کے علاوہ پڑوسی اضلاع ایوت محل، ہنگولی، پربھنی ضلع میں بھی چوریوںکی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سلسلے میں تحقیقات کرتے ہوئے حدگاﺅں میں مناٹھا پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے نلیش نارائن سوریہ ونشی (۰۳ سال، ساکن وروٹ) کو موٹر سائیکل چوری کرنے الزام میں پولیس نے حراست میں لے کر تفتیش کی تو پتہ چلا کہ مذکورہ سارق نے ناندیڑ، ایوت محل، پربھنی، ہنگولی اضلاع کے مختلف علاقوں سے سرکاری آفس کے باہر کھڑی ہوئی موٹر سائیکلوں کو نقلی چابی کے

ذریعے چوری کی ہیں۔ بعد ازاں پولیس سپرنٹنڈنٹ شری کرشن کوکاٹے، ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ کھنڈے راﺅ دھرنے، اسسٹنٹ پولیس سپرنٹنڈنٹ شفقت آمنہ کی رہنمائی میں ایک خصوصی دستہ تشکیل دے کر مذکورہ چوری کی ہوئی 14 موٹر سائیکلیں ضبط کی گئیں۔ تاہم ضبط کردہ موٹر سائیکلوں میں ایک بھی موٹر سائیکل مناٹھا پولیس اسٹیشن کے حدود کی نہیں۔

ان کے منجملہ ایک موٹر سائیکل پولیس اسٹیشن میں جرم نمبر 209/2023 کی دفعہ 371 تعزیرات ہند کے تحت درج مقدمہ کی ہے۔ مزید کارروائی کے لیے سارق نلیش سوریہ ونشی اور 14 موٹر سائیکلوں کو حدگاﺅں پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔ اس کارروائی میں سنتوش شیکڑے انچارج آفیسر مناٹھا، ناگناتھ تکڑے، پولیس سب انسپکٹر، پولیس ہیڈ کانسٹبل دتاتریے گری، شام وڑجے، پولیس نائیک آر پی بھوپالکر، کرشنا یادو، پولیس کانسٹبل شام کھن پٹے، راہول جادھو ، ہوم گارڈ اشوک کدم پر مشتمل ٹیم نے کی۔ مزید تحقیقات کے دوران اس معاملہ میں مزید کتنے سارق ملوث ہیں، اس کا پتہ چلایا جائے گا۔