ناندیڑ:(ورق تازہ نیوز) ضلع ناندیڑ میں آپریشن کریک ڈاؤن” کے تحت دریائے گوداوری کے ندی طاس میں جاری غیر قانونی ریت نکاسی کے خلاف ناندیڑ رورل پولیس نے بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اس کارروائی میں مجموعی طور پر 1 کروڑ 25 ہزار روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق 17 مئی 2026 کو دوپہر تقریباً 12 بجے انجےگاؤں اور بونڈھار علاقہ میں واقع گوداوری ندی طاس میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر چھاپہ مارا گیا۔
اطلاع ملی تھی کہ کچھ افراد غیر قانونی طور پر ریت نکال کر اسے بیڑوں (ترفوں)) کے ذریعے کنارے پر جمع کر رہے ہیں اور پھر وہاں سے اس کی نقل و حمل کی جا رہی ہے۔اویناش کمار (پولیس سپرنٹنڈنٹ، ناندیڑ) کی ہدایات پر پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے موقع سے ایک بوٹ، ایک ایشَر گاڑی (نمبر MH 26 BE 7393)، ACE کمپنی کی کرین (نمبر MH 26 BQ 2693)، 20 بیڑے، 6 انجن اور 5 براس ریت ضبط کی۔اس معاملے میں پولیس نے کل پانچ نامزد اور چار نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں اندرجیت سنگھ سوکھی، مادھو جادھو، شیخ عظیم اور پنٹو پاٹل شامل ہیں۔
یہ کارروائی پولیس انسپکٹر اومکانت چنچولکر کی رہنمائی میں سب انسپکٹر گیانیشور مٹواڑ اور کرائم ٹیم کے دیگر اہلکاروں نے انجام دی۔ کارروائی کے دوران جب ملزمان کو پولیس کی آمد کی اطلاع ملی تو وہ ریت نکالنے والی کشتی کو کرین کے ذریعے گاڑی میں ڈال کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر تمام سامان ضبط کر لیا۔اس کیس میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں بھارتیہ نیائے سنہتا، مہاراشٹر لینڈ ریونیو کوڈ، ماحولیاتی تحفظ قانون اور عوامی املاک نقصان روک تھام ایکٹ شامل ہیں۔پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار نے اس کامیاب کارروائی پر متعلقہ پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ ضلع میں غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔