ناندیڑ:29/ جولائی (ورق تازہ نیوز): شہر کے مصروف علاقہ بھاگیہ نگر چوراہے پر آج منگل کی دوپہر تقریباً ایک بجے ایک ہولناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک تیز رفتار لگژری کار (نمبر MH22 AM 5) نے نشے کی حالت میں ایک کے بعد ایک چھ مختلف گاڑیوں کو زور دار ٹکر مار دی۔تفصیلات کے مطابق یشونت کالج کی سمت سے آ رہی مذکورہ کار بے قابو ہوکر مین روڈ پر چل رہی تین آٹو رکشا، ایک اسکوٹی، ایک بُلٹ، ایک فور وہیلر اور ایک راہ چلتی خاتون کو بے دردی سے کچلتے ہوئے آگے بڑھی۔

کار بالآخر کچھ فاصلے پر واقع چوراہے کے بجلی کے کھمبے سے جا ٹکرائی، جہاں جا کر وہ رُکی۔حادثے کے بعد کار ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی، مگر موقع پر موجود شہریوں نے فوری طور پر اسے پکڑ لیا۔

جب پتہ چلا کہ ڈرائیور نشے کی حالت میں ہے تو مشتعل عوام نے اسے خوب زدوکوب کیا۔ بعد ازاں موقع پر پہنچی پولیس نے ڈرائیور کو اپنی تحویل میں لے لیا۔اس حادثے میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جنہیں فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ مقامی شہریوں کے مطابق، آس پاس کئی ٹیوشن کلاسز اور اسکولیں ہونے کی وجہ سے ایک بڑا سانحہ ہونے سے بال بال بچا۔حادثے کے سبب کچھ وقت کے لیے بھاگیہ نگر چوراہے پر ٹریفک مکمل طور پر جام ہوگئی تھی۔
جائے وقوعہ پر بڑی تعداد میں لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی تھی، جس کے باعث پولیس کو ٹریفک بحال کرنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔پولیس کی جانب سے مزید تفتیش جاری ہے، اور ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کیے جانے کی امید ہے۔

