ناندیڑ:30اکتوبر ۔ (ورق تازہ نیوز)شہر میں کرکٹ مقابلوں پر سٹہ لگانے و الوں کا کاروبار دن بدن بڑھتا جارہا ہے ۔ اس لعنت کی طرف نئی نوجوان نسل تیزی سے راغب ہورہی ہے کیونکہ کم وقت اور بغیر کسی محنت کے آسانی سے پیسہ کمانے کا ذریعہ انھیں مل رہا ۔سٹہ بازی میں ہر طبقہ وسماج کے لوگ ملوث ہیں ۔ شہر میں آج کل بڑے پیمانے پر سٹہ کھیلا جارہا ہے ۔ کرکٹ کے مقابلوں پرسب سے زیادہ سٹہ لگایاجاتا ہے ۔ فی الحال ہندوستان اور ویسٹ انڈیز ٹیموں کے درمیان ونڈے سیزیز بھارت میں کھیلی جارہی ہے ۔ کل بھی دونوں ٹیموں کے درمیان ونڈے میچ تھااس پر میچ پر سٹہ لگانے والے دو افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ہے ۔ لوکل کرائم برانچ کی ٹیم نے ائیر پورٹ پولس اسٹیشن حدود کے ودھوت نگر میں ایک بلڈئنگ میں جاری سٹہ بازی کے اڈہ پرچھاپہ مارا ہے ۔
تفصیل کے مطابق 21اکتوبر کو ایل سی بی کی ٹیم جس میں اے پی آئی ونود دگھورے ‘ پولس انسپکٹر جسونت سنگھ شاہو ‘ ہیڈکانسٹیبل ‘ پولس نائیک پانگریکر ‘ ساتپوتے‘تاناجی یڑگے ‘ ڈرائیور و کانسٹیبل گھنگرو ٹاک پیٹرولنگ کررہے تھے ۔انھیں خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ ائیرپورٹ پولس اسٹیشن حدود کے ودھوت نگرمیں ہنومان مندر کے سامنے ‘دت پلازہ اپارٹمنٹ کے بازو پنڈت بھیم راو¿ چٹکولے ساکن ودھوت نگر کے پورو مُکھی نامی تین منزلہ عمارت میں فلیٹ نمبر 5 میں صفدر خان نیازخان اور ویکی عرف ارون اولن مل کر ویسٹ انڈیز بمقابلہ بھارت کرکٹ میچ پر سٹہ چلارہے ہیں۔ پولس نے معاملے کی پوری تفصیل حاصل کی اور فلیٹ پرچھاپہ مارکر دونوں سٹہ بازوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ پولس نے دوران تفتیش اُن سے دیگر ساتھیوں اور بُکی کے بارے میں پوچھ تاچھ کی تو انھوں نے کہا کہ وہ خود سٹہ کاکاروبار کرتے ہیں ۔ پولس نے ا س مقام سے سینسوئی کمپنی کا ایل سی ڈی ‘ڈیل کمپنی کا لیپ ٹاپ ‘ایک ٹی وی سیٹ‘سیمسنگ کمپنی کا موبائل‘لاوا کمپنی کا موبائل ‘ نقد رقم سمیت 52,300 کامال ضبط کیاگیا ۔ اب پولس ان دونوں سٹہ بازوں سے شہرمیں اُن کے کن لوگوں سے روابط ہیں اسکی تفتیش کررہی ہے۔ ایل سی بی کی شاندارکارکردگی پر ایس پی سنجے جادھواور ایڈیشنل ایس پی ڈاکٹر اکشے شندے نے پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے ۔