ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کی حتمی زون تشکیل فہرست جاری

ناندیڑ:19جولائی ( ورقِ تازہ نیوز) ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کی حتمی زون تشکیل کی فہرست ریاستی الیکشن کمشنر یو پی ایس مدان نے جاری کی ہے۔ دریں اثناء4جولائی کو ڈرافٹ زون تشکیل کے سلسلے میں 66 کے منجملہ 55 اعتراضات پر سنوائی ہوئی۔ یہ رپورٹ الیکشن کمیشن کے پاس پیش ہونے کے بعد کمشنر نے منگل 19جولائی کو نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کے اعلیٰ عہدیداران کی پانچ سالہ مدت آنے والے اکتوبر مہینہ میں ختم ہورہی ہے۔

اس ضمن میں ریاستی الیکشن کمیشن نے گوگل میپ کے ذریعے ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کے زون تشکیل کا ڈرافٹ مسودہ 13 جون کو شائع کیا تھا۔ فی الحال ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے 30 زون سے 81ممبران منتخب ہوئے ہیں۔ تاہم اکتوبر 2022ءمیں ہونے والے انتخابات میں بڑھتی ہوئی آبادی کی بنیاد پر 31زون میں 92 ممبران منتخب کیے جائیں گے۔ اس کے لیے ریاستی الیکشن کمیشن نے مہینہ بھر قبل ہی ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کے ڈرافٹ زون تشکیل کو جاری کرتے ہوئے اس پر اعتراضات طلب کیے تھے۔

جاری کیے گئے ڈرافٹ مسودے پر 57افراد نے 66 اعتراضات داخل کیے تھے۔ جن میں سے 55افراد کے اعتراضات پر پونے کے سماج بہبودی محکمہ کے کمشنر پرشانت ننورے کی صدارت میں اور ضلع کلکٹر ڈاکٹر وپن اٹنکر، میونسپل کمشنر ڈاکٹر سنیل لہانے و دیگر عہدیداران کی موجودگی میں میونسپل کارپوریشن چند دن قبل سنوائی کی گئی۔ یہ رپورٹ سماج بہبود کمشنر کے معرفت ریاستی الیکشن کمیشن کے پاس پیش کیا گیا تھا۔ اس رپورٹ کی جانچ کے بعد ریاستی الیکشن کمیشن کے کمشنر یو پی ایس مدان نے میونسپل کارپوریشن کی حتمی زون تشکیل کی معلومات جاری کی ہے۔اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔