ناندیڑ:27۔جنوری(۔ورق تازہ نیوز )سماجی ‘فلاحی اور ثقافتی تنظیم مولاناآزادوچار منچ ناندیڑاوربابا بھارت گیس ایجنسی دیگلورناکہ ناندیڑ کی جانب سے یوم جمہوریہ 26 جنوری کی دوپہر ایک بجے منیارگلی میں خواتین کوصرف 100 روپے میں بھارت گیس کنکشن کے سلنڈر‘ چولہے اور ریگولیٹر تقسیم کاایک کامیاب پروگرام منعقد ہوا ۔

اس تقسیم گیس کنکشن پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر اتوارہ پولس اسٹیشن کے انسپکٹر صاحب راو نرواڑے ‘ محمدتقی ( ایڈیٹر ورق تازہ ناندیڑ)‘ میونسپل کارپوریٹر کے نمائندے بابو بھائی کھولے والے ‘ نمائندہ کارپوریٹر پربھاگ نمبر 15 سریش ہٹکر ‘ میونسپل کارپوریٹرنمائندہ محمداظہر ولد عبدالحفیظ اور میونسپل کارپوریٹر پربھاگ نمبر15 محمدفاروق بدویل نے شرکت کی۔

ابتداءمیں محمدیوسف خاں پٹیل ضلع صدر مولانا آزاد وچار منچ ناندیڑلع نے پروگرام کی تفصیل بتاتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت کی پردھان منتری اُجولا 2 اسکیم کے تحت ان خواتین کو صرف100 روپے میں نئے گیس کنکشن جاری کئے جارہے ہیں جن کے نام بھی پہلے ہی سے کوئی کنکشن نہیںہے ۔ اور اُن کے نام کے راشن کارڈ پردرج ناموں میںسے بھی کسی کے پاس گیس کنکشن نہیں ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ 25 خواتین کو مہمانوں کے ہاتھو ں گیس سیلنڈر ‘چولہے او ر ریگولیٹر دئےے جارہے ہیں ان کے علاوہ جملہ 150 درخواستیں ملی تھیں جن میں سے 70 درخواستیں منظور ہوئی ہیں باقی افراد کو بھی بہت جلد کنکشن جاری کئے جارہے ہیں۔یوسف خاں نے بابا بھارت گیس ایجنسی کے مالک راجن ٹی گوٹے کاشکریہ ادا کیااُن کی خصوصی دلچسپی سے ہر مذہب اورجماعت و ذات کی خواتین کویہ کنکشن منظور ہوئے ہیں ۔
محمدتقی نے اس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ 26جنوری کو ہم یوم جمہوریہ کے طور پر مناتے ہیں ۔70سال قبل اسی دن بھارت کا دستور نافذ ہواتھا ۔ اس دستور کے بانی بھارت رتن ڈاکٹرباباصاحب امبیڈکر نے یہ دستوراس طرح بنایاتھا کہ ملک میں بسنے والے ہر مذہب ‘ذات ‘جماعت اور فرقے کے ساتھ انصاف ‘ سبھی کو اُن کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی ملے ۔اسی دستور کاکرشمہ ہے کہ آج غریب ہر دھرم وسماج کی خواتین کو یہ گیس کنکشن صرف 100 روپے میں مل رہے ہیں ۔ محمد تقی نے اس فلاحی اورنیک کام کےلئے یوسف خاں اوراُن کی فعال ٹیم کی ستائش کی اورانھیں مبارکباد دی ۔ اتوارہ پولس اسٹیشن کے انسپکٹر نرواڑ ے صاحب نے سبھی محروم خواتین سے اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی۔
اس موقع پر فاروق بدویل کارپوریٹر‘بابوبھائی کھولے والے ‘ سریش ہٹکر ‘ اور اقبال بھائی چابی والے نے تقریر کی۔اس فلاحی پروگرام میں مولانا آزادوچار منچ ضلع کمیٹی کے عہدیداران ڈاکٹر محمد آصف ‘ سید بدرالدین خورشید ‘قدرت علی خان ‘مبین احمد ‘ ذوالفقاراحمد ‘میرارشدعلی پرویز‘ ابراہیم مومن ‘عبدالقوی مولانا ‘ محمدنقی شاداب (مدیر ورق تازہ ) ‘ شہر کمیٹی کے سید احسان ‘ رفیق باغبان ‘ سمیر قاضی ‘ ببن راو ساکھرے ‘ محمد غوث نے پروگرام کے انعقاد میں کافی محنت کی ۔ نظامت کے فرائض یوسف خاں پٹیل اوراقبال بھائی چابی والے نے انجام دئےے ۔ پروگرام میں بڑی تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔