ناندیڑ:27جنوری۔(ورق تازہ نیوز)
کل 26 جنوری کو لوکل کرائم برانچ نے کاروائی کرتے ہوئے قدیم شہرکے کیلی مارکیٹ علاقےمیں ایک ٹرک سے 36 لاکھ69 ہزار روپیوں کا غیر قانونی گٹکھاضبط کیاگیا۔ اس معاملے میں اتوارہ پولیس اسٹیشن میں تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

کل26 جنوری کو ایس پی سنجے جادھو کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ قدیم شہر کے اتوارہ علاقے کیلی مارکیٹ میں غیر قانونی طریقے سے ایک ٹرک نمبر MH17-T- 6975 میں گٹکھامنتقل کیاجارہا ہے۔جس کے بعد لوکل کرائم برانچ ٹیم کو یہاں روانہ کیاگیا۔ اس وقت ٹرک سے مختلف کمپنیوں کا حکومت مہاراشٹرکا امتناع عائد کردہ گٹکھا ضبط کیا گیا۔اس کے بعد محکمہ فوڈ اینڈ ڈرگس کو یہاں طلب کیا گیا ۔اس محکمے کے افسر کاوڑے کی شکایت پر اتوارہ پولیس اسٹیشن میں ٹرک ڈرائیور شیخ رفیق شیخ ابراہیم ‘جبار شیخ ‘محمد عظیم محمد ابراہیم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ قدیم شہر ناندیڑ میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی طریقے سے گٹکھے کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔