ناندیڑ :مدینة العلوم اسکول میں صاف صفائی ابھیان اور اندھ شردّھا نرمولن کے ضمن میں پروگرام کا انعقاد

ناندیڑ :21 دسمبر ( ورق تازہ نیوز) ۔آج ناندیڑ کے معروف تعلیمی ادارہ مدینة العلوم ہائی اسکول میں شفٹ اوّل کے گرلز سیکشن میں انچارج معلّمہ خان نکہت یاسمین میڈم کی خصوصی نگرانی میں سوچّھتا ابھییان (صاف صفائی مہم) اور اندھ شردّھا نرمولن کے تحت ایک شاندار پروگرام منعقد کیا گیا جس کا مقصد اپنے اطراف کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور ماحول کو ہر قسم کی آلودگی سے پراگندہ ہونے سے بچانے اور معاشرے کو غلط عقائد، اندھی تقلید اور توہم پرستانہ فکر سے پاک کرنا ہے. دراصل صفائی کا تعلق براہ راست صحت سے ہے. صاف صفائی انسان کی زندگی کاایک اہم جز ہے جو انسانوں کی زندگیوں میں خوشگوار ماحول لاسکتی ہے. اسلام میں بھی صاف صفائی کی فضیلت و اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے آدھا ایمان سے تعبیر کیا ہے۔ علاوہ ازیں اسلام ہمیشہ تحقیق اور غور و فکر کی دعوت دیتا ہے اور اس میں غلط عقائد، اندھی تقلید اور توہم پرستی یا بدشگونی کی قطعاً گنجائش نہیں ہے. بلکہ یہ ان برائیوں میں سے ہے جس سے آزاد کرنے کے لئے الله نے اپنے آخری رسول حضرت محمد مصطفیﷺ کو بھیجا تھا۔ ہمارا ایمان صرف الله ہی پر ہے۔ اور نفع اور نقصان دینے والی ذات صرف الله ہی کی ہے. الله مسبّب الأسباب ہے. توہم پرستی اور بدشگونی جیسے عقائد کے حامل افراد کچھ چیزوں، واقعات یا علامات کو اپنے لیے مبارک گردانتے ہیں اور کچھ کو نقصان دہ یا منحوس۔ توہم پرست لوگ منفی خیالات کا شکار ہو کر اپنی خوشیاں اور سکون برباد کرلیتے ہیں اور بہت جلد مایوس ہوجاتے ہیں۔ کہنے کو تو ہم سائنسی دور میں رہتے ہیں جہاں ہر واقعہ اور نظریے کے دلائل اور حقائق تلاش کیے جاتے ہیں مگر اس کے باوجود دنیا کی ترقی یافتہ اقوام میں بھی توہم پرستی عام ہے.

اس پروگرام میں تمام طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ کثیر تعداد میں حصہ لیا. اس موقع پر صدر معلّمہ انصاری نثار فاطمہ میڈم نے تمام طالبات کو کچرے کا صحیح حسن انتظام کرنے، پلاسٹک سے بنی اشیاء کے استعمال سے اجتناب کرنے اور غلط عقائد، اندھی تقلید اور توہم پرستی سے دور رہتے ہوئے اسلامی طرز زندگی گزارنے کی پُر زور تلقین کی. اور ساتھ ہی ساتھ انھوں نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے تمام تدریسی و غیر تدریسی عملے کے تعاون کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا.

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading