ناندیڑ: قتل کی سنسنی خیز واردات، ملزم گرفتار ‘ پولس کسٹڈی میں روانگی

ناندیڑحدگاﺅں:4اپریل ( ورقِ تازہ نیوز) ”شراب کیوں نہیں پینے دیتے“کہتے ہوئے ایک 60 سالہ معمر شخص کی آنکھوں پر پتھر مار کر قتل کرنے کی سنسنی خیز واردات حدگاﺅں تعلقہ کے برڈ شیوالہ میں پیش آئی ہے۔ ملزم کے خلاف مناٹھا پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر ونود چوہان نے بھیم راﺅ سوماجی جمداڑے نامی ملزم کو حراست میں لیا ہے۔ واضح رہے کہ مقتول کانام بھی بھیم راﺅ سوماجی جمداڑے ہے۔

حدگاﺅں تعلقہ کے برڈشیوالہ میں الیکٹریشن کا کاروبار کرنے والے بھیم راﺅ تکارام جمداڑے ( عمر 60 سال) کو برڈشیوالہ کے بائے پاس پل کے راستہ کے قریب ملزم بھیم راﺅ سوماجی جمداڑے ( عمر 45 سال) نے روک کر ”مجھے شراب کیوں نہیں پینے دیتے“ کہتے ہوئے اُن کے ساتھ بحث و تکرار شروع کی۔ بعد ازاں یہ بحث و تکرار گالی گلوج اور مارپیٹ میں تبدیل ہوگئی۔ مارپیٹ کے دوران بائے پاس راستہ سے منسلک ایک نالی میں بھیم راﺅ تکارام کو دھکا دے کر گرا دیا اور اُس کی آنکھوں پر ایک بڑا پتھر مار کر ہلاک کردیا۔ جیسے ہی اس سنسنی خیز واردات کی اطلاع مناٹھا پولیس کو موصول ہوئی، اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر ونود چوہان اپنے ماتحت ملازمین کے ہمراہ جائے حادثہ پہنچ کر نعش کا پنچ نامہ کیا اور نعش کا پوسٹ مارٹم کرنے کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کیا۔ بعد ازاں بھیم راﺅ جمداڑے کے لڑکے کی دی گئی شکایت پر مناٹھا پولیس اسٹیشن میں ملزم بھیم راﺅ جمداڑے کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے مذکورہ ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ فی الحال ملزم جیل میں ہے۔ اس معاملہ کی مزید تحقیقات اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر ونود چوہان کررہے ہیں۔

اپنی رائے یہاں لکھیں