ناندیڑ: ضلع کلکٹر راہول کرڈیلے کا آدھی رات کو غیر قانونی ریت نکاسی پر چھاپہ، 30 لاکھ روپے کا سامان ضبط

ناندیڑ، 4 جون: (ورق تازہ نیوز) ضلع کلکٹر راہول کردیلے نے بدھ کی علی الصبح تقریباً ڈیڑھ بجے پمپلگاؤں نمجی کے قریب دریائے گوداوری کے پاٹ میں جاری غیر قانونی ریت نکاسی کے خلاف اچانک کارروائی کرتے ہوئے بڑا چھاپہ مارا۔ اس کارروائی میں دو کشتیاں اور 20 بیڑے (ترافے) جلا کر تباہ کر دیے گئے جبکہ تقریباً 125 براس ریت ضبط کی گئی۔ انتظامیہ کے مطابق ضبط شدہ سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 30 لاکھ روپے ہے۔

اطلاعات کے مطابق ضلع کلکٹر راہول کردیلے نے اچانک معائنہ کے دوران دریائے گوداوری میں غیر قانونی ریت نکاسی جاری پائی، جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر تحصیلدار سنجے وارکڈ کو اطلاع دی۔ تحصیل دفتر کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ اس دوران ناندیڑ دیہی پولیس اسٹیشن کے پولیس انسپکٹر اومکانت چنچولکر اور ان کی ٹیم کو بھی طلب کیا گیا۔کارروائی کے دوران دریا کے دوسرے کنارے پر ہونے والی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے لمبگاؤں کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر بودھنکر کو بھی الرٹ کیا گیا۔

مشترکہ ٹیم نے دو کشتیاں اور 20 بیڑے تباہ کرتے ہوئے بڑی مقدار میں غیر قانونی ریت ضبط کر لی۔دریں اثناء کارروائی مکمل کرکے واپس لوٹتے وقت شہر کے علاقے میں غیر قانونی طور پر ریت کی نقل و حمل کرنے والی دو گاڑیاں بھی پکڑی گئیں۔ ان گاڑیوں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے وزیرآباد پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ موقع سے ملنے والے چار مزدوروں کو بھی پولیس کے سپرد کر دیا گیا۔

اس مہم میں تحصیلدار سنجے وارکڈ، ناندیڑ دیہی پولیس انسپکٹر اومکانت چنچولکر، مسٹر کیندرے، پولیس سب انسپکٹر مٹھواڑ، شری کرشن ییلمٹے، سید محسن، منڈل افسران، تمام تعلقہ افسران (تلاٹھی)، مادھو بھسے، سرپے، ماروتی شری رامے، وانولے، ڈاکٹر جوشی، ماروتی قدم، راجیش بروڈا، کوتوال بالاجی سونٹکے سمیت پولیس اور محکمہ مال کے متعدد افسران و اہلکاروں نے حصہ لیا۔ضلع کلکٹر راہول کردیلے نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی ریت نکاسی اور اس کی غیر مجاز نقل و حمل کے خلاف انتظامیہ کی کارروائیاں آئندہ بھی مسلسل جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading