ناندیڑ:19فروری:ا(ورقِ تازہ نیوز) آج شیوجینتی کے درمیان شہرکے پر امن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی لیکن پولیس نے بروقت حالات پر قابو پالیا۔ پیرکی دوپہر دوگروہوں میں سنگ باری کاواقعہ پیش آیا ۔ اس سنگ باری میں کچھ گاڑیوں کونقصان پہنچاہے۔ ضلع ایس پی مسٹرکرشن کوکاٹے فوری موقع پر پہنچے اور حالات کو قابو میں کیا۔
شہر کے ورکشاپ علاقہ سے 19فروری کو دوپہر ساڑھے بارہ بجے کے قریب چند نوجوان موٹر سائیکلوں پرسوارمسلم اکثریتی علاقہ پیر برہان نگر پہنچے اور جان بوجھ کر نعرہ بازی کرنے لگے تاکہ اسکا رد عمل آسکے۔۔جس کےبعد دوگروہوں میں تنازع پیدا ہوگیا اور معاملہ جھگڑے تک پہنچ گیا اور پتھراؤ شروع ہو گیا۔اس موقع پر دونوں طرف سےنعرہ بازی اور پتھراؤ ہوا اور شہری پریشان ہو کر بھاگ کھڑے ہوئے۔
اس پتھراؤ میں ایک موٹر سائیکل، ایک بلیٹ گاڑی اور ایک اسکول بس کو نقصان پہنچا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ سری کرشنا کوکاٹے، اپر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور دیگر افسران اور اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور حالات کو قابو میں کیا۔اس وقت اس علاقے میں امن ہے اور مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ضلع ایس پی مسٹر کرشن کوکاٹے نے نوجوانوں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی افواہ پر یقین نہ کریں۔