ناندیڑ:20نومبر۔(ورق تازہ نیوز) شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی کمشنر سدھیر انگولے‘ ڈپٹی کمشنراجیت سنگھ سندھو ‘شہر ٹرافک پولیس کی دونوں شاخ کے انسپکٹر چوہدری اور چندرشیکھر کدم کی ایک مشترکہ میٹنگ منعقد ہوئی ۔میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ کہ فٹ پاتھ پر غیر مجاز تجاوزات اور شاہراہوں پر تجاوزات کو ہٹانے کے لیے مشترکہ مہم شروع کی جائے ۔ٹرافک میں رخنہ اندازی کو دور کرنے کے لیے زیبرا کراسنگ کو جاری رکھنا بے حد ضروری ہے۔
میونسپل کارپوریشن حکام غیر مجاز تجاوزات کو دور کرنے کے لئے قاعدے قانون کااستعمال کرکے ٹرافک کے مسئلہ کو حل کرے گی۔ راستوں پر پھل ‘ترکاری اور ریڈی میڈ کپڑوں کے ہاتھ گاڑوں کو ایک مقام پر کھڑے کرنے کا انتظام بھی کیا جائے گا کیونکہ یہ ہاتھ گاڑے ٹرافک کو درہم برہم کرنے میں بڑا رول انجام دیتے ہیں ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بھرنے والے ہفتے واری بازاروں کو بھی منصوبہ بندی کے تحت ایسے مقامات پر بھرا یا جائے گا جہاں موٹر گاڑیوں کی ٹریفک میں کوئی خلل اندازی نہ ہو۔ شہر کے اہم راستوں چوراہوں جیسے دیگلورناکہ ‘ بھگت سنگھ روڈ چوک ‘ڈھوڑے کارنر ‘ آنند نگر چوک‘ انا بھاو ساٹھے چوک ‘وزیر آبادتا شیواجی نگر اہم راستہ پر تجاویزات ہٹاو مہم میں تیزی پیدا کی جائے گی ۔
کارپورشن دستے کے ہمراہ پولیس کی جمعیت بھی ہوگی۔ چنانچہ آج 20 نومبر سے پولیس اور کارپوریشن کے ملازمین نے تجاویز ات ہٹاو مہم میں تیزی پیدا کرتے ہوئے منیارگلی‘ برقی چوک میں غیر مجاز تجاوزات ‘چبوتروں اور فٹ پاتھ پر بیٹھے چھوٹے دکانداروں کو ہٹایا لیکن اسی کے ساتھ شہرمیں یہ بھی بحث جاری ہے کہ ایسی ناکارہ مہم ہر دو چار مہینہ بعد شروع کی جاتی ہے ۔اورپھر سب کچھ جیسا تھا ویسا ہی ہو جاتا ہے یعنی مہم کے کارندوں کے آگے چلے جاتے ہی دکاندار غیرمجاز تجاوزات کو بھی قائم کردیتے ہیں اور ٹرافک میں خلل اندازی کا مسئلہ پھر ایک بار کھڑاہوجاتا ہے اس لیے اس مسئلہ کا مستقل حل نکالنے کی طرف عملاً کوئی اقدام کیاجانا ضروری ہے ۔