ناندیڑ : جلوس عید میلادالنبی ﷺ کا کامیاب انعقاد‘ بابری مسجد فیصلہ پر نظرثانی کی اپیل کاخیر مقدم‘ ناروے کے واقعہ کی شدید مذمت

ناندیڑ:24 نومبر۔(ورق تازہ نیوز) ناندیڑشہرمیں آج بروز اتوار24نومبر کو جلوس عید میلادالنبی ﷺ حسب روایت نظامی کالونی ‘سری نگر ناندیڑ کے گراونڈ سے صبح ساڑھے نو بجے نکالاگیااور دوپہر تقریبادیڑھ بجے اسکا اختتام میلاد گراونڈ محمدعلی پر ہوا ۔

جلوس میں امسال بھی ہزاروں کی تعداد میںعاشقانِ رسول نے شرکت کی ۔ یہ جلوس حسب روایت اپنے قدیم راستوں یعنی آئی ٹی آئی ‘ نئی آبادی ‘ شیواجی نگر ‘ کلا مندر ‘ مہاویرچوک‘ قدیم مونڈھا ‘ حبیب ٹاکیز سے گزرتے ہوئے محمدعلی روڈ احاطہ درگاہ حضرت مستان شاہ ولی ؒ کے میلادگراونڈ پہنچا۔

جہاں پر مفتی محمد مرتضیٰ صاحب رضوی ‘ نقیب ملت مولانا محمدتراب الدین رضوی ‘ مفتی عبدالحسیب کاظمی ‘ مولانا عبدالعظیم رضوی ‘مفتی نور عالم رضوی نے خطاب فرمایا اورسبھی نے ساری دنیا میں امن وامان کی برقراری کی اپیل کی ۔اس کے علاوہ مسلمانوں کو شادی بیاہ کی تقاریب میں بے جا اسراف سے بچنے کی تلقین کرتے ہوئے نکاح کو آسان بنانے پرزوردیا۔

اس موقع پر بابری مسجدپرسپریم کور ٹ فیصلہ پر نظرثانی کی رٹ پٹیشن دائرکرنے کے مسلم پرسنل لاءبور ڈ کے فیصلہ کی تائید و حمایت کی گئی اس کے علاوہ دو دن قبل ناروے میں ایک گستاخ کی جانب سے قرآن پاک کانسخہ نذر آتش کرنے کے واقعہ کی شدید مذمت کی قرارداد منظور کرکے گستاخ کے خلاف کاروائی کامطالبہ کیا۔

آج کا جلوس محمدی مرکزی میلاد کمیٹی ناندیڑ کے زیراہتمام اور علماءاہلسنت الجماعت کی قیادت میں الحاج محمدرفیق صاحب قادری(صدر میلاد کمیٹی ناندیڑ)‘ الحاج غلام نبی صاحب ‘ ایڈوکیٹ ایوب الدین جاگیردار‘الحاج غلام صاحب رضوی کی موجودگی میں کامیابی سے ہمکنار ہوا ۔واضح رہے کہ جلو س عید میلادالنبی 10نومبر12ربیع الاول کوملتوی کردیاگیاتھا اسلئے 24نومبر کو نکالنے کاطئے کیاگیاتھااور حسب روایت کافی کامیاب رہا ۔جلو س کے اختتام پرمیلاد گراونڈ میں نیازعام کااہتمام کیا گیا تھا۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading