ناندیڑ :آج صبح سری نگر روڈ پر پولس کالونی کے سامنے سے دو پہیہ اسکوٹر پر جا رہے ایک خاندان پر اچانک ایک پیڑ ٹوٹ کر گر گیا ۔ اسکوٹی پر ماں باپ اور درمیان بیٹھا گیارہ سالہ لڑکا سوار تھے۔ اس حادثے میں گیارہ سالہ معصوم کی جان چلی گئی جبکہ دونوں میاں بیوی زخمی ہو گئے ہیں ۔ یہ افسوسناک واقعہ صبح گیارہ بجے کے قریب پیش آیا ہلاک ہونے والے بچے کا نام یش گپتہ ہے۔

جائے واقعہ پر موجود لوگوں نے بچے کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا۔ مزید تفصیلات کے مطابق بچے کے والد پنکچ گپتہ اتر پردیش کے آگرہ کے رہنے والے ہیں اور گزشتہ بیس برسوں سے ناندیڑ کے بابا نگر علاقے میں اپنے خاندان کے ساتھ رہ رہے ہیں۔
#Nanded #Rain स्कुटरवर झाड कोसळले : वर्षीय मुलाचे दुर्देवी मृत्यु #nanded #news pic.twitter.com/HIiVrSJqG0
— Waraque E Taza News (@WaraqueTazaUrdu) July 28, 2024
پنکج گپتہ پانی پوری کا کاروبار کرتے ہیں اتوار کی صبح پنکج گپتہ اپنی بیوی پوجا اور بیٹے یش کے ساتھ خریداری کے لیے ڈی مارٹ گئے تھے اسکوٹی سے سری نگر کے راستے گھر واپس آتے وقت سڑک کے کنارے موجود درخت اچانک ان پر گر گیا جس میں گاڑی پر درمیان میں بیٹھے گیارہ سالہ یش پر ہی درخت گرا جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا اور بعد ازیں انتقال کرگیا۔ پنکج گپتہ اور پوجا گپتہ زیر علاج ہیں۔


