ناندیڑ۔ ۲۷؍ مارچ ( نامہ نگار ):ناندیڑ ضلع کے سرپرست وزیر اشوک چوہان نے ناندیڑ شہر کے اہم سڑکوں کے لیے ۱۰۰؍ کروڑ روپئے اور اندرونی محلہ جات کی سڑکوں کے لیے ۵۰؍ کروڑ روپے کا خصوصی فنڈ منظور کرایا ہے۔ ۱۵۰؍ کروڑ روپئے کے کاموں کا ٹینڈر پچھلے دنوں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے نکالا گیا تھا۔ آج ۱۵۰؍ کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد ضلع سرپرست وزیر اشوک چوہان کے ہاتھوں رکھا جارہا ہے۔
آج ۲۸؍ مارچ بروز پیر کو شہر کے ۶؍ مقامات پر سنگ بنیاد تقریب منعقد کی جارہی ہے۔ جس کی صدارت میئر بلدیہ جئے شری پائوڑے فرمائیں گی۔ مہمان خصوصی کے طور پر ایم ایل سی امرناتھ راجورکر، ایم ایل اے موہن ہمبرڈے، بالاجی کلیانکر، سابق وزیر ڈی پی ساونت، کھت گائونکر، سابق ایم ایل اے اوم پرکاش پوکرنا، ضلع کلکٹر ڈاکٹر وپین ، میونسپل کمشنر ڈاکٹر سنیل لہانے، کانگریس ضلع صدر گووند ناگیلی کر، این سی پی ضلع صدر بھوسی کر،ڈپٹی میئر عبدالغفار، ہائوس لیڈر کنکدنڈے، شیوسینا ضلع پرمکھ دتا کوکاٹے، بونڈھارکر، بلدیہ خواتین و اطفال کمیٹی چیئرمن اپرنا نیرلکر، ڈپٹی چیئرمن عائشہ بیگم کھوکھے والے موجود رہیں گے۔
صبح ۱۰؍ بجے سڈکو میں جی جائو میدان ، صبح ساڑھ گیارہ بجے گرودوارہ گیٹ نمبر ۲؍ کے پاس ، دوپہر ایک بجے کالا پُل گاڑی پورہ، دوپہر چار بجے پائوڑے واڑی ناکہ ، شام ساڑھے پانچ بجے تروڈا بزرگ، شام سات بجے مجاہد چوک دیگلورناکہ روڈ ناندیڑ میں سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہوگی۔ علاقہ کے عوام سے پروگرامس میں شرکت کی اپیل اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمن کشور سوامی کی جانب سے کی گئی ہے۔