نا ندیڑ:12 اگست( ورق تازہ نیوز)ضلع کلکٹر راہل کارڈیلے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آنے والے گنیشوتسو، عید میلاد النبی? اور دہی ہنڈی جیسے تہوار آپسی بھائی چارے اور سکون کے ساتھ منائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ گنیشوتسو کو ماحول دوست انداز میں منایا جائے اور گنیش کی مورتیوں کا وسرجن دریا میں نہ کرکے مصنوعی تالاب میں کیا جائے تاکہ ماحول کو نقصان نہ پہنچے۔یہ اپیل انہوں نے آج کلکٹر آفس کے پرنگن بھون میں منعقدہ امن کمیٹی کی میٹنگ میں کی،
جس میں ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھیناش کمار، میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئیفوڈے، ریزیڈنٹ ڈپٹی کلکٹر کرن امبیکر سمیت مختلف محکموں کے افسران، عملہ، امن کمیٹی اور دیگر اراکین شریک ہوئے۔ضلع کلکٹر نے کہا کہ ڈی جے کے شور سے تہواروں کے دوران صوتی آلودگی بڑھتی ہے، اس لیے شہری بغیر ڈی جے کے تہوار منانے پر زور دیں۔ تہوار کے دوران مشکلات کے فوری حل کے لیے انتظامیہ کی جانب سے واٹس ایپ گروپ بنایا جائے گا، جہاں شہری اپنی شکایات مختصر طور پر درج کر سکیں گے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ کی ہدایت: قانون ہاتھ میں نہ لیں :ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھیناش کمار نے کہا کہ تہواروں کے دوران شہری پولیس کو صحیح معلومات فراہم کریں اور تعاون کریں۔ کسی بھی صورت میں قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے۔ جرائم پر قابو پانے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو کوئی دقت نہ ہو۔
میونسپل کمشنر: وسرجن کی تیاریاں مکمل:میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئیفوڈے نے بتایا کہ اس سال تین مقامات پر وسرجن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ گوداوری ندی میں وسرجن نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دریا کو صاف رکھنے میں سب کو تعاون کرنا چاہیے۔
امن کمیٹی کے اراکین نے گنیشوتسو، دہی ہنڈی اور عید میلاد النبیﷺ کے دوران پیش آنے والے مسائل سے انتظامیہ کو آگاہ کیا، جنہیں حل کرنے کا یقین دلایا گیا۔