ناندیڑ:20نومبر ۔(ورقِ تازہ نیوز) ایک طرف جہاں کارپوریشن کے سامنے قلت آب کا مسئلہ کھڑا ہورہا ہے وہیںدوسرے جانب ایک اورمصیبت کاسامنا بھی کرنا پڑرہا ہے ۔ بجلی بل کی عدم ادائیگی پر محکمہ بجلی نے 13بجلی پمپ کی برقی سپلائی مسدود کردی ہے اسلئے شہر میں پانی کی سپلائی ٹھپ پڑسکتی ہے ۔وشنوپوری کے ذخیرہ آب میں تیزی سے کمی آرہی ہے اسلئے پانی کی منصوبہ بندی کارپوریشن کیلئے پریشان کن بات ہوگئی تھی ۔ ضلع کلکٹرکازائد چارج سنبھال رہے میونسپل کمشنر لہوراج مالی نے اس دوران غیر قانونی طور پر پانی لینے والوں کو روکنے کیلئے مشترکہ دستہ تشکیل دیاتھااسی وقت بجلی کمپنی کو غیر مجاز طور پر پا نی حاصل کرنے والوںکے بجلی کنکشن منقطع کرنے کاحکم بھی دیا تھا لیکن کمپنی نے اسکے برعکس کاروائی کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کے بجلی پمپ کوبجلی فراہم کرنےوالی لائن ہی کاٹ دی ۔ اس طرح شہر کو پانی سپلائی کرنیوالے 13بجلی پمپ کی برقی سپلائی منقطع ہوگئی ۔ کارپوریشن پر اپریل 2108 سے چھ کروڑ37لاکھ روپیوں کابل بقایا ہے۔جس میں سے ایک کروڑ23لاکھ روپے کارپوریشن نے ادا کئے ہیں ۔مگر کارپوریشن پرابھی بھی کروڑوںروپے بقایا ہے ۔اس لئے بجلی کمپنی نے کنکشن کاٹ دیا ہے۔ ایسے میں شہریان کو پانی فراہم کرنے میں کارپوریشن کودشواری پیش آئے گی جس کا اثر شہریان پر پڑے گا۔