ناندیڑ:21/ جولائی ۔(ورق تازہ نیوز) تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی میں منگل کی علی الصبح تقریباً 4 بجے قومی شاہراہ این ایچ-161 پر پیش آنے والے ایک المناک سڑک حادثے میں ناندیڑ کے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ اس دلخراش حادثے کی خبر پھیلتے ہی ناندیڑ شہر، خصوصاً باغبان کالونی میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ناندیڑ کی باغبان کالونی، مسجد قباء کی گلی کے رہائشی ایک خاندان کے افراد کار کے ذریعے حیدرآباد جا رہے تھے۔ سنگاریڈی کے بچوپلی علاقے کے قریب اچانک ایک دو پہیہ گاڑی کار کے سامنے آ گئی۔ ڈرائیور نے اسے بچانے کی کوشش میں اچانک بریک لگائی، جس کے باعث کار بے قابو ہو کر کئی بار الٹ گئی، ڈیوائیڈر سے ٹکرائی اور سڑک کی دوسری جانب جا گری۔
حادثہ اس قدر ہولناک تھا کہ کار میں سوار مولانا محمد ندیم، ان کی والدہ شمیمہ بیگم اور چار سالہ بیٹی انابیہ تسکین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ مولانا محمد ندیم کے چھوٹے بھائی نوید شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ گاڑی میں موجود دیگر افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ خاندان عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد حیدرآباد پہنچنے والے اپنے رشتہ داروں کے استقبال کے لیے جا رہا تھا کہ راستے میں یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس نے چند لمحوں میں خوشیوں کو غم میں بدل دیا۔
مرحومہ شمیمہ بیگم، جناب ایوب بھائی (آندھرا-مہاراشٹر فروٹ کمپنی) کی بھابی تھیں، جبکہ مرحوم مولانا محمد ندیم ان کے بھتیجے اور کمسن انابیہ تسکین ان کی صاحبزادی تھیں۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پوسٹ مارٹم کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ تینوں مرحومین کی میتیں آج رات تک ناندیڑ پہنچا دی جائیں گی، جہاں ان کی تدفین عمل میں آئے گی۔
اس المناک سانحے پر شہر کی مختلف سماجی، مذہبی اور عوامی شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور زخمی نوید کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔