ناندیڑ:20ڈسمبر ۔( ورق تازہ نیوز)سود سے حاصل رقم کی پوری طرح سے واپسی کے بعد بھی فائنانسر مزید رقم کا مطالبہ کررہاتھا جس سے پریشان میرے شوہر نے خودکشی کرلی ہے ۔اس طرح کی شکایت بیوی نے وزیر آبادپولس اسٹیشن میں درج کروائی ہے ۔
اس معاملے میں فائنانسر کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا ہے ۔ابتداءمیں پولس مقدمہ درج کرنے میں پس و پیش کررہی تھی لیکن گھر والوں نے آخری رسومات نہ کرنے پر بضدتھے اور پولس اسٹیشن میں ہنگامہ کررہے تھے ۔آخرکارپولس نے متعلقہ ساہوکار کے خلاف مقدمہ درج کردیا ہے۔ وشال سنہہ بابو سنہہ دکشت ساکن وشنوپوری ناندیڑ نے چکھ ماہ قبل اویناش جادھو فائنانسر سے دس ہزار روپے بطور سود حاصل کئے تھے ۔
وشال وشنوپوری میں کھانے کی ہوٹل چلاتا ہے ۔اس دوران مقررہ مدت میں وشال نے اپنی پوری رقم معہ سود واپس کردی اسکے باوجودفائنانسر مزید رقم کامطالبہ کررہاتھا اور دھمکیاں بھی دے رہاتھا ۔جس کی وجہہ سے وشال ذہنی طور پر پریشان تھا ۔ گزشتہ منگل کورات کے وقت وشال گھر واپس نہیں آیا۔دوسرے دن صبح چکھواڑی علاقہ میںاسکی نعش دستیاب ہوئی۔
بیوی کاکہنا ہے کہ فائنانسر کی تکلیف سے پریشان انکے شوہر نے خودکشی کی ہے ۔ اسلئے فائنانسر جادھو کے خلاف خودکشی کیلئے اکسانے کامقدمہ درج کیا جائے ۔ وزیر آباد پولس اسٹیشن میں وشال کی بیوی و رشتہ داروں نے ہنگامہ کیااورآخری رسومات کرنے سے انکار کردیا ۔آخر کار پولس افسران کی مداخلت کے بعد فائنانسر اویناش جادھو کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 306 کے تحت مقدمہ درج کیاگیا ہے۔ وشال کی بیوی اسمیتا کی شکایت پرکیس کااندراج کردیاگیا ۔