ناندیڑ:5 1جون ۔(ورق تازہ نیوز)شہرکے وشنوپوری ڈیم کاپانی ختم ہوجانے سے ضلع انتظامیہ ہنگولی ضلع کے اونڈھا میں قائم سدیشور ڈیم سے پانی حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ بروز جمعہ 14جون کو 112 کلومیٹر کا سفرطئے کرکے پانی وشنوپوری دیم میں داخل ہوگیا ہے ۔ اس طرح شہر میں پائی جانیوالی پانی کی شدید قلت کو مات دینے میں بڑی مدد ملی ہے ۔سدیشور ڈیم سے 11 جون کوپانی چھوڑاگیا تھا ۔ جو 4 دن کی مسافت طے کرکے وشنو پوری پہونچا ۔ اسی دوران میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے 30سال بعد وشنوپوری ڈیم کی تہہ میں جما ہوا گال صاف کرنے کی مہم کابھی آغاز کردیا ہے ۔ جمعہ 14 جون کو گال کی صفائی شروع ہوچکی ہے۔ اسی طرح میونسپل کارپوریشن نے نادرست پانی کے ہینڈ پمپوں کی مرمت کا کام بھی شروع کیا ہے ۔
گورودوارہ گیٹ نمبر دو ‘ہڈکو ‘ ہنومان مندر ‘چوپالہ ‘ سہیوگ نگر میں تین ہینڈپمپوں کی درستی کی گئی ہے ۔ پیربرہان نگر میں بھی کچھ پمپوں کی درستی کی گئی ۔اسی دوران سدیشور ڈیم سے کنال کے ذریعہ وشنوپوری کو آنیوالے پانی کی چوری نہ ہو ‘اس لئے جگہ جگہ پولس کاسخت پہرہ لگایاگیا ہے اور پانی چوری کرنیوالوں کے خلاف پولس میں جرائم درج کئے جارہے ہیںاور موٹرس ضبط کی جارہی ہیں ۔پولس نے 34 برقی موٹروں اور سامان کو ضبط کرکے جرم درج کروایا ہے ۔