ناندیڑ:دوکانوں سے لاکھوں روپے مالیت کا غیر قانونی گٹکھا ضبط

ناندیڑ:2نومبر ( ورقِ تازہ نیوز)فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے وزیرآباد پولیس اسٹیشن حدود کے مرموراگلی علاقے میں دوپہر دو بجے کے قریب چھاپہ مار کر لاکھوں روپے مالیت کا ممنوعہ اور غیر قانونی گٹکھے کا ذخیرہ ضبط کیا۔ کارروائی شروع ہونے کے فوراً بعد منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں پولیس سپرنٹنڈنٹ شری کرشنا کوکاٹے نے کہا تھا کہ غیر قانونی کاروبار چلانے میں مقامی پولیس کی ملی بھگت ہوسکتی ہے۔

آج دوپہر تقریباً 2 بجے اورنگ آباد ڈویژن کے جوائنٹ کمشنر ونجاری کی رہنمائی میں ناندیڑ کے جوائنٹ کمشنر کوکڈوار، فوڈ سیفٹی آفیسر کنکاواڑ، ایس۔ وی مارواڑ، کوا، ایس۔ ایس۔ ہاکے، بھیسے، بالاجی سونٹکے کی ایک ٹیم نے وزیرآباد پولیس کے کچھ اہلکاروں کے ساتھ مرمورا گلی میں چھاپہ مارا۔ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی ٹیم علاقہ میں بند تین چھوٹی دکانوں کا معائنہ کرنا چاہتی تھی۔

یہ دکانیں توکل ٹریڈرزکے نام سے ہیں۔یہ دکانیں عظیم الدین (37) اقبال نگر پربھنی اور علیم الدین (33) رہائشی اقبال نگر پربھنی کی ہیں۔ ان میں سے ایک فرار ہوگیا اور ایک پولیس کی حراست میں ہے۔ چابی دستیاب نہ ہونے پر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے تالے توڑ کر ان دکانوں کا معائنہ کیا۔ دکان میں لاکھوں روپے مالیت کا غیر قانونی، ممنوعہ گٹکا ذخیرہ کرکے رکھاہوا تھا۔ تحریر کے وقت تک قانونی کارروائی مکمل نہیں ہو سکی تھی۔ وہاں موجود کچھ لوگوں نے بتایا کہ گٹکے کی قیمت 25 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔ اس حوالے سے قانونی کارروائی ابھی مکمل نہیں ہوئی۔