ناندیڑ:18نومبر۔(ورق تازہ نیوز)ناندیڑمیونسپل کارپوریشن کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے 8 ارکان عنقریب سبکدوش ہو رہے ہیں۔ اس ضمن میں کارپوریشن کا خصوصی اجلاس 22 نومبرکو نئی ارکان کے انتخاب کے لیے منعقد کیا جارہا ہے۔ان میں سے سات ارکان کا تعلق کانگریس پارٹی سے ہے اس لیے نئے ارکان کے انتخاب کے لئے کانگریس پارٹی میں زبردست رسہ کشی جاری ہے
کانگریس کے سات نئے ارکان کے انتخاب کے لیے پارٹی میں خواہشمندوں کی تعداد پانچ گنا زائد ہے۔موجودہ چیئرمین فاروق علی خاں سمیت آٹھ ارکان کی مدت آئندہ 13 دنوں میں ختم ہو رہی ہے جس کے بعد یہ ارکان کمیٹی سے باہر ہو جائیں گے۔73ارکان کے ساتھ کانگریس پارٹی کاکارپوریشن پر قبضہ ہے ۔ اسلئے اسٹینڈنگ کمیٹی بھی کانگریس کے قبضہ میں ہے ۔
جس کے 16 ارکان میں سے 15 ارکان کانگریس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ ایک بی جے پی کارکن ہے۔سبکدوش ہونے والے ارکان میں فاروق علی خان( چیئرمین )‘شمیم عبداللہ‘ مسعود احمد خان ‘موہنی یونکر ‘عبد اللطیف ‘گرمت سنگھ نواب ان کانگریسی ارکان کے علاوہ بی جے پی کی ویشالی دیشمکھ بھی شاملِ ہے۔سبکدوش ہونے والے آٹھ ارکان کی جگہ نئے ارکان کے انتخاب کے لیے 22نومبر کو کارپوریشن کا خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا ہے۔کانگریس پارٹی نے پہلے ہی اپنے تمام سینئر کاپٹرس کو اسٹینڈنگ کمیٹی میں موقع دیا ہے اس لیے اس مرتبہ نئے ارکان کے ہاتھ میں تجوری کی چابی دیے جانے کی توقع ہے ۔ کانگریس پارٹی میں ایک انار سو بیمار کے مصداق 7 ارکان کے لئے پانچ گنا زائد ممبران خواہش مند ہے۔