ناندیڑ:10ڈسمبر۔(ورق تازہ نیوز)موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس فار ویلفیئر ناندیڑکے وفد نے ریاست مہاراشٹرکے اقلیتی کمیشن چیرمین جناب حاجی یاسر عرفات صاحب سے ملاقات کی ۔اس موقع پر ناندیڑ شہر کے اہم مسلم مسائل پر گفتگو کی گئی۔ جس میں اردو گھر کے افتتاح کے تعلق سے بات اوربتایاگیا کہ اردو گھر کی عمارت کروڑوں روپے کی لاگت سے کی گئی لیکن سیاسی افراد کی لاپرواہی کی وجہ سے یہ عمارت آج تک افتتاح کے انتظار میں ہے اردو گھر کو کئی مرتبہ اشرار کی جانب سے نقصان پہنچایا گیا۔ ایم پی جے ناندیڑ نے ہمیشہ ہی اردو گھر کے افتتاح کے تعلق سے جدوجہد کی۔ جس پر چیئرمین صاحب نے اطمینان بخش جواب دیا اور جلد سے جلد وزیر اعلی کے ہاتھوں اردو گھر کی افتتاح کا تیقن دیا۔ موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس فار ویلفیئر ناندیڈ کی جانب سے حاجی یاسر عرافات کو مختلف نکات پر مبنی ایک میمورینڈم پیش کیا گیا ۔ مسلم ریزرویشن کی مانگ کی گئی جس طریقہ سے ریاستی حکومت نے مراٹھا سماج کو ریزرویشن دیا ہے ایم پی جی اور مسلم سماج کو اس پر کوئی اعتراض نہیں لیکن ہم یہ چاہتے ہیں کہ جس طرح ریاستی اور مرکزی حکومت کا نعرہ ہے سب کا ساتھ سب کا وکاس اسی نعرے کے طرز پرمسلمانوں کوبھی ریزرویشن دیا جائے اور مسلم سماج کے پچھڑے پن کو دور کرنے پر عمل کیا جائے اور مسلمانوں کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ ساتھ ہی وزیراعظم کے پندرہ نکاتی پروگرام پر موثر انداز میں عمل کرنے کی مانگ کی گئی۔ ریاست تلنگانہ کی طرز پر مہاراشٹر میں بھی مسلم طلبہ و طالبات کے لئے رہائشی اسکول شروع کروانے کی بھی مانگ کی گئی اور اقلیتی سماج کے طلبہ کی اسکالرشپ وقت پر اور مکمل ادا کی جائے۔ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق گیارہویں اور بارہویں اردو میڈیم سائنس کے طلبہ کے لیے مفت کتابیں جلد از جلد تیار کرکے تقسیم کی جائیں۔ اسکالرشپ کی رقم EBC کے برابر کردی جائے ۔ اس موقع پر ایم پی جے مراٹھواڑہ کوآرڈینیٹر جناب الطاف حسین صاحب ایم پی جے شہر صدر مشتاق پٹھان ، افروز پٹیل اور فہیم فاروقی، محمد وسیم الدین ، اسلم پٹھان موجود تھے۔