ناندیڑ:(اکرم چوہان) مجلسِ اتحاد المسلمین کے ریاستی صدر و سابق رکنِ پارلیمنٹ اِمتیاز جلیل کی جانب سے مہاراشٹرا کی تمام کمیٹیاں برخواست کرنے کے ایک دِن بعد ہی پارٹی سربراہ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے اپنے سوشل میڈیا ایکس اکاؤنٹ پر مہاراشٹر کی نئی مجلس عاملہ کااعلان کردیا ہے اور سبھی کو مبارکباد پیش کی۔اس کمیٹی میں اِمتیاز جلیل کو دوبارہ مہاراشٹر کا ریاستی صدر نامزد کیا گیا ہے۔
وہیں سولاپور سے اسمبلی چناؤ میں حصّہ لینے والے فاروق شابدی کو پارٹی کا کارگزار صدر نامزد کیا گیا ہے۔اسی طرح مانورا- واشم حلقے سے چناؤ میں حصّہ لینے والے یوسف پنجانی کو مہاراشٹرا کا نائب صدر بنایا گیا ہے۔وہیں اورنگ آباد کے سابق ضلع صدر سمیر ساجد بلڈر و گوونڈی کے عتیق احمد خان کو پارٹی کامہاراشٹر کا جنرل سیکریٹری بنایا گیا ہے
اس کے علاوہ ممبرا کے سیف پٹھان و پیمپری کے شفیع اللہ قاضی کو جوائنٹ سیکرٹری نامزد کیا گیا ہے،مجلسِ کی مہارشٹر کی نئی کمیٹی میں زیادہ تر اسمبلی چناؤ کے ہارے ہوئے امیدواروں کو جگہ دی گئی ہے۔
وہیں ریاستی ترجمان و سابق رکن اسمبلی وارث پٹھان کو اس کمیٹی میں جگہ نہیں دی گئی ہے،وہیں مہاراشٹر کے ریاستی صدر رہ چکے و نائب صدر کے عہدے پر فائز سید معین صاحب کوفی الحال نئی باڈی میں جگہ نہیں دی گئی ہے ۔جس پر پارٹی کے ورکرس و محبان مجلسِ میں نئی بحث چل رہی ہے ۔
