مہاراشٹر میں امارت شرعیہ کا قیام وقت کی ضرورت اور شرعی وملی ذمہ داری

وشال گڑھ کا جو دردناک واقعہ سامنےآیاہےاور مسلمانوں کے ساتھ جوسلوک وہاں کیاگیا،جس طرح مسجد پرحملہ ہوا، اور قران پاک کے نسخوں کو جلایا گیا یہ نہایت دردناک اور اندوہناک واردات ہے۔ اس سلسلے میں پولیس انتظامیہ کا رخ اوررویہ اور حکام بالا کاطور طریقہ دونوں اذیت ناک اور دکھ دینے والا ہے۔ اس سے پہلے بھی ریاست میں کئی دردناک وارداتیں ہو چکی ہیں،ماب لنچنگ کی شکل میں بھی اورمسلمانوں کی دکانوں پر بلڈوزر چلانے کی صورت میں بھی،بےقصور مسلمانوں کی گرفتاری بھی ایک سنگین مسئلہ ہے،اب بھی سینکڑوں کی تعداد میں مسلمان اور خاص طریقے پر نوجوان جیل کی سلاخوں کےپیچھےہیں،ہر چند دن کے بعد کوئی نہ کوئی دردناک واردات سامنے آرہی ہے۔

بقرعید کے موقع پر مختلف اس شہروں میں جس طرح کی وارداتیں ہوئیں اورپولیس انتظامیہ کا جو رویہ سامنے آیا٬نیز فرقہ پرست طاقتوں نے قانون کی آڑلےکرجولاقانونیت کی،اس سے بھی فکر اورتشویش میں اضافہ ہواہے، اس ساری صورتحال کے پیش نظر ریاست مہاراشٹر کی سطح پرمسلمانوں کی اجتماعیت قائم ہونا ضروری ہے۔ملک کی کئی ریاستوں میں امارت شرعیہ کا نظام قائم ہے جس کے اپنے فوائداوربہتر اثرات و ثمرات ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ مہاراشٹر میں بھی مسلمانوں کی اجتماعیت اور تنظیمی قوت کو امارت شرعیہ کے عنوان سےمضبوط کیا جائے۔

امارت شرعیہ کا قیام نہ صرف وقت کی ضرورت ہے بلکہ یہ ہماری دینی اور ملی ذمہ داری بھی ہے، حدیث شریف میں آیا ہے کہ اللہ کی مدد اجتماعیت کے ساتھ ہے۔ میں اس تحریر کے ذریعے ریاست کے مسلمانوں خاص طریقے پر علماء کرام٬سماجی و ملی شخصیات اور ملت اسلامیہ کے تئیں فکر مند رہنے والے افراد سے گزارش کرتا ہوں کہ اس سلسلے میں سر جوڑکر بیٹھیں اور لائحہ عمل تیار کریں،

امارت شرعیہ کے قیام سے ریاست کے مسلمان مضبوط اورمحفوظ ہوں گے اور بہت سارے مسائل کا سامنا کرنے کی پوزیشن میں آجائیں گے،انشاءاللہ الرحمن! میں نے کئی برس پہلے امارت شرعیہ کا خاکہ مرتب کیا تھا اور کئی بڑے علماءاور اکابرین سے اس سلسلے میں گفت و شنید بھی کی تھی اس تحریر کے ساتھ وہ خاکہ بھی عام کر رہا ہوں،اگرچہ کہ اس میں ابھی ترمیم اور اضافہ کی ضرورت ہے لیکن حالیہ واقعے کا دل پرتاثرایساہےکہ اسی شکل میں اس تحریرکو عام کر رہا ہوں اور امید رکھتا ہوں کہ اس پرفوری توجہ دی جائے گی اور ہم سب مل جل کرامارت شرعیہ کے قیام کی طرف بڑھیں گے۔ انشاءاللہ!
اللہ تعالی ہم سب کا حامی و ناصر ہو اور اپنی ذمہ داریوں کو بحسن وخوبی انجام دینے کی توفیق مرحمت فرمائے۔ آمین یا رب العالمین!

*والسلام*
محمد عمرین محفوظ رحمانی(سجادہ نشین خانقاہ رحمانیہ مالیگاؤں)

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading