مظفرنگر: ساون کے مہینے میں ’کانوڑ یاترا‘ سے پہلے اتر پردیش کی مظفرنگر پولیس کے نئے حکم نامہ نے تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ کانوڑ یاترا 22 جولائی سے شروع ہونے جا رہی ہے، جس سے قبل مظفرنگر کے ایس ایس پی کی جانب سے 18 جولائی کو ایک حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں تمام ہوٹلوں و پھلوں کی دوکانوں و ٹھیلوں کے مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے نام اپنی دوکانوں و ٹھیلوں پر نمایاں طور ظاہر کریں۔
کانگریس پارٹی اور متعدد لوگوں نے اس پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پولیس کے اقدام کی مذمت کی ہے۔
مظفرنگر کے ایس ایس پی ابھیشک سنگھ کا کہنا ہے کہ اس ہدایت کا مقصد انتشار سے بچنا اور مذہبی جلوسوں کے دوران شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ ابھیشک سنگھ کے مطابق ضلع میں کانوڑ یاترا کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔
ضلع میں اس کا روٹ تقریباً 240 کلومیٹر کا ہے۔ روٹ پر تمام ہوٹلوں، ڈھابوں اور اسٹریٹ وینڈرز سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے مالکان یا وہاں کام کرنے والوں کے نام ظاہر کریں۔