نئی دہلی۔ سپریم کورٹ میں مہاراشٹر سیاسی بحران سے جڑے مسئلے پر سماعت پوری ہو گئی اور اس معاملے میں منگل کی صبح فیصلہ سنایا جائے گا۔ جسٹس این وی رمن، جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس سنجیو کھنہ کی خصوصی بینچ نے سبھی متعلقہ فریقوں کی دلیلیں سننے کے بعد کہا کہ وہ کل صبح ساڑھے دس بجے اس معاملے پر اپنا فیصلہ دے گی۔
شیوسینا۔ این سی پی اور کانگریس اتحاد نے جلد ہی فلور ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ کیا جبکہ مہاراشٹر حکومت نے عدالت سےاس کے لئے کم ازکم 14 دن دینے کی اپیل کی۔
اس سے پہلے شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے کورٹ نے آج فڑنویس ۔ اجیت پوار کی طرف سے دئیے گئے ارکان اسمبلی کی حمایت والے خط اور گورنر سے ملا حکومت بنانے کا خط طلب کیا۔ اس بیچ چاروں پارٹیاں ارکان اسمبلی کو متحد کرنے میں جٹی ہوئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی این سی پی باغی ہوئے اجیت پوار کو منانے میں جٹی ہے۔