نئی دہلی۔ سینئر کانگریسی لیڈر اور پارٹی صدر سونیا گاندھی کے قریبی احمد پٹیل نے بدھ کے روز یہاں مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق صدر نتن گڈکری سے ملاقات کی ”۔ کانگریس میں پس پردہ امکانات تلاش کرنے میں ماہر پٹیل نے اگرچہ بعد میں کہا کہ انہوں نے گڈکری کے ساتھ بات چیت میں مہاراشٹر سیاست کے بارے میں کوئی تبادلہ خیال نہیں کیا۔ انہوں نے کہا ’’میں نے مہاراشٹر کا’م‘ تک نہیں کہا‘‘۔
پٹیل نے کہا’’ گڈکری سے میری ملاقات مہاراشٹر کی سیاست کے بارے میں نہیں تھی ۔ میں مرکزی وزیر کے پاس مہاراشٹر کے کسانوں کے مسائل پر گفت و شنید کرنے کے لئے گیا تھا ‘‘۔ گڈکری اور پٹیل کی ملاقات کی اہمیت اس بات سے اور بڑھ گئی ہے کہ گڈکری کو آر ایس ایس کا قریبی سمجھا جاتا ہے اور شیوسینا کے لیڈروں نے اس حکومت سازی کے تعطل کے حل کے لئے آر ایس ایس کی قیادت اور گڈکری کی ثالثی کی اپیل کی ہے۔