اورنگ آباد: مہاراشٹر کے اورنگ آباد کے گنگا پور پارلیمانی حلقے سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) رکن اسمبلی پرشانت بمب نے ناندیڑ پارلیمانی حلقے سے اپنی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ پرتاپ پاٹل چیکھلیکر کو ہتک عزت کا نوٹس بھیج کر الزام لگایا ہے کہ رکن پارلیمنٹ نے حال ہی میں ریاست میں تعمیرات عامہ کے محکمے (پی ڈبلیو ڈی) افسروں کو بھیجے گئے خط میں انہیں بلیک میلر کہا ہے۔
میڈیا میں ہفتے کو جاری نوٹس کی کاپی کے مطابق بمب نے چیکھلیکر سے 23 کروڑ کے معاوضے کا مطالبہ کیا یا پھر پریس کانفرنس میں بغیر کسی شرط کے عوامی طورپر معافی مانگنے اور ان سے سوشل میڈیا پر شائع تمام پیغامات کو ہٹانے کےلئے کہا ہے۔
نوٹس کے مطابق چیکھلیکر نے تعمیرات عامہ کے محکے کے افسروں کو نومبر 2019 میں ایک خط لکھا تھا جس میں کہا گیا کہ وہ بمب کی شکایتوں پر توجہ نہ دیں اور وہ ایک بلیک میلر ہیں۔
واضح رہے کہ بی جےپی کے سینئر لیڈر اور نقل و حمل اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے پچھلے مہینے کہا تھا کہ جب بھی مراٹھواڑا علاقے میں کسی بھی قسم کی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر شروع ہوتی ہے تو مقامی سیاسی رہنما ٹھیکے داروں کو پریشان کرکے رشوت کا مطالبہ کرتے ہیں۔ گڈکری نے ایسے رہنماؤں کو وارننگ دی تھی کہ انہیں سی بی آئی جانچ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو