مکھیہ منتری تیرتھ درشن یوجنا میں مسلمان نظرانداز،رئیس شیخ کی وزیر اعلیٰ سےنمائندگی

ممبئی ( شارف انصاری):- مہاراشٹر اسمبلی کے مانسون اجلاس میں حکومت کی طرف سے بزرگ شہریوں کے لئے مکھیہ منتری تیرتھ درشن یوجنا شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس کا سماج وادی پارٹی کے بھیونڈی مشرق سے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے استقبال کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست میں اس یوجنا میں مسلمانوں کو بھی شامل کیا جائے۔

مہاراشٹر اسمبلی کے مانسون اجلاس میں آج توجہ طلب نوٹس کے تحت عوامی نمائندوں نے اپنے اپنے مذہب کے مقدس مقامات کے درشن کرانے کی بات کہی جس میں ہندو، عیسائی، بودھ اور جین مذہب شامل ہے لیکن اس میں مسلم سماج کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں رئیس شیخ نے ریاست کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ مانسون اجلاس میں توجہ طلب نوٹس کے تحت پیش کی گئی تجویز میں ہندو، عیسائی، بودھ اور جین مذہب کو شامل کیا گیا ہے لیکن اس میں مسلم سماج کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مکھیہ منتری تیرتھ درشن یوجنا کے تحت مذکورہ مذاہب کو شامل کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ اس میں مسلم سماج کو بھی شامل کیا جائے۔ رئیس شیخ نے کہا کہ مہاراشٹر کئی عظیم صوفی بزرگوں کی بھی زمین ہے جس میں حاجی علی درگاہ، حاجی ملنگ درگاہ، دیوان شاہ درگاہ اور دیگر عظیم بزرگوں کے مقدس مقامات واقع ہیں جہاں پر سبھی مذاہب کے لوگ جاتے ہیں اور اس سے ان کی عقیدت وابستہ ہے لہذا ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت اس جانب توجہ دیتے ہوئے ہمارے مطالبات کو تسلیم کرے گی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading