حیدرآباد ۔ 02 دسمبر 2018. تلنگانہ میں 7 دسمبر کو اسمبلی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں جس کے پیش نظر سیاسی رہنماؤں کی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔مجلس اتحاد المسلمین کے سابق فلور رہنما اکبر الدین اویسی نے کہا کہ وزیراعظم مودی پرتھوی راج، راج کپور، دلیپ کمار، امیتابھ بچن، شاہ رخ خان او ر دیگر خان اداکاروں سے بھی بہتر اداکار ہیں۔
اکبر الدین اویسی نے اپنی تقریر میں نریندر مودی پر زبردست تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے 4 برس میں 84 ممالک کا دورہ کیا جس پر 10485 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ۔ انہوں نے استفسار کیا کہ بیٹی بچاؤ ، بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ لگانے والے مودی نے ایک بھی ملک کے دورہ پر اپنی بیوی کو ساتھ لے گئے؟ گھر واپسی کی بات کرنے والوں کو چاہئے کہ پہلے وہ اپنی بیوی کو گھر لے آئیں۔ اکبر الدین اویسی نے کہا کہ کانگریس پارٹی چاہتی ہے کہ ملک سے علاقائی اور چھوٹی پارٹیوں کا صفایا ہوجائے تاکہ ملک میں صرف بی جے پی اور کانگریس ہی باقی رہے۔
اویسی نے مزید کہا کہ ‘کانگریس لوگوں کو بی جے پی سے ڈراکر ملک کے اقتدار پر قابض رہنا چاہتی ہے ، اس وجہ سے مجلس نے تیسری طاقت کو ابھارنے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنی طاقت کو ملک بھر میں مستحکم کرنے کی کوشش کررہی ہے’۔