ممبئی: شہر اور مضافات میں گذشتہ تین روز سے جاری موسلا دھار بارش نے زندگی درہم برہم کر دی ہے۔ سڑکوں کے ساتھ ساتھ ریلوے پٹریوں پر بھی پانی جمع ہونے سے آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے منگل کو بھی شدید بارش کا انتباہ جاری کرتے ہوئے ریڈ الرٹ دیا ہے۔ اس کے پیش نظر ممبئی میونسپل کارپوریشن نے شہر کی تمام سرکاری و نجی پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔
پیر کی صبح دفتر جانے والے لوگوں کو سب سے زیادہ پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کرلا اور دادَر اسٹیشنوں پر ریلوے پٹریوں پر پانی بھر جانے سے ٹرین سروس متاثر رہی۔ اگلے چند گھنٹوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا تو کرلا میں وسطی ریلوے کی آمدورفت ٹھپ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر کلیان-ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن نے بھی منگل کے روز تمام اسکولوں کو بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے، جبکہ تھانے میونسپل کارپوریشن نے شدید بارش کے پیشِ نظر اسکولوں اور کالجوں کو تعطیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی، تھانے، پال گھر، پونے، ناسک، ستارا اور رائے گڑھ اضلاع میں شدید سے شدید تر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ رتناگیری، سندھدرگ اور گڑچیرولی کے لیے اورنج الرٹ جاری ہوا ہے، جبکہ دیگر اضلاع میں درمیانہ سے بھاری بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔