مسلم طالب علم کو بچوں سے پٹوایا،اب اس سے برا کچھ نہیں‘:راہل

اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع کے ایک اسکول کا چونکا دینے والا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔ اس ویڈیو میں مبینہ طور پر ایک پرائیویٹ اسکول کی ٹیچر ایک بچے کو کلاس میں دوسرے بچوں سے پٹوا رہی ہیں۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ جس بچے کو دوسرے طالب علم تھپڑ مار رہے ہیں وہ مسلمان ہے۔ مظفر نگر پولیس نے اس معاملے میں کارروائی کی بات کہی ہے۔نیوز پورٹل اے بی پی پر شائع خبر کے مطابق اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد نیشنل چائلڈ رائٹس پروٹیکشن کمیشن کے چیئرمین پریانک کاننگو نے بھی اس معاملے کا نوٹس لیا ہے۔ وہیں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اس واقعہ کو لے کر بی جے پی پر حملہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹیچر ایک بچے کو کلاس میں دوسرے بچوں سے تھپڑ مروا رہی ہے۔ کئی بچے باری باری اٹھتے ہیں اور وہاں کھڑے ایک بچے کو تھپڑ مارتے ہیں۔ یہی نہیں استاد باقی بچوں سے پوچھ بھی رہی ہے کہ وہ زور سے تھپڑ کیوں نہیں مار رہے ہیں۔ یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ جس بچے کی پٹائی کی جا رہی ہے وہ مسلمان ہے۔اس معاملے پر بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے، کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا،

’’معصوم بچوں کے ذہنوں میں تعصب کا زہر گھولنا، اسکول جیسے مقدس مقام کو نفرت کا بازار بنانا۔ اس سے بدتر کوئی چیز نہیں ہے۔ اس سے برا ایک استادنہیں کر سکتا۔ یہ وہی مٹی کا تیل ہے جو بی جے پی نے پھیلایا ہے جس نے ہندوستان کے کونے کونے کو آگ لگا دی ہے۔ بچے ہندوستان کا مستقبل ہیں، ان میں نفرت نہیں، ہم سب کو مل کر محبت کا درس دینا ہے۔‘‘

اس کے ساتھ ہی بچے کے والد نے بچے کو اسکول سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بچے کے والد کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں انہوں نے کہا کہ ٹیچر نے بچوں کے درمیان تعصب کھڑا کر دیا تھا، ہم نے فیصلہ کر لیا ہے، میں ٹیچر کے خلاف پولیس میں شکایت درج نہیں کرانا چاہتا، ہم نے جو فیس ادا کی تھی وہ واپس کر دیں۔ ہم اپنے بچے کو اس اسکول نکال لیں گے۔ میں بار بار پولیس یا عدالت میں جانا نہیں چاہتا، میں اس سب میں نہیں پڑنا چاہتا۔”کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے بھی اس معاملے کو لے کر (x) ٹویٹ کیا ہے۔ انھوں نے لکھا کہ ’’کیسا کلاس روم، ہم اپنی آنے والی نسلوں کو کیسا کلاس روم دینے جا رہے ہیں؟‘‘