مسلمان کانگریس کا غلام نہیں ہے: ڈاکٹرعزیز قریشی

نئی دہلی 5اکتوبر (یو این آئی) سینئر کانگریسی قائداور اترا کھنڈ‘یوپی اور میزورم کے سابق گورنر ڈاکٹر عزیز قریشی نے کانگریس کی قیادت کو یہ باور کرایا ہے کہ مسلمان نہ تو کانگریس کا غلام ہے اور نہ ہی بندھوا مزدور۔یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش اور مرکزی کانگریسی قیادت کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہئے کہ اب مسلمان اپنی ذلت قطعی برداشت نہیں کرے گا۔ڈاکٹر عزیز قریشی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ضمنی انتخابات کے لئے صوبائی کانگریس نے اسٹار کمپینر کی جو فہرست جاری کی ہے‘ اس میں کسی بھی مسلمان لیڈر کا نام شامل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاید کانگریس کی قیادت یہ بھول گئی ہے صوبے میں پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات میں مسلمان ہی کانگریس پارٹی کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔انہوں نے اس بات پر تعجب اور افسوس کا اظہار کیا کہ شدت پسند ہندو تونظریات رکھنے والی بی جے پی کو خوش کرنے کے لئے مسلمانوں کو در کنار کیا جارہا ہے

ڈاکٹر عزیز قریشی نے مزید کہا کہ مرکزی اور صوبائی سطح کی پارٹی قیادت خود کو ضرورت سے زیادہ بڑا سمجھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے کانگریس پارٹی پر پوری طرح قبضہ کرکے نہرو گاندھی خاندان کو گمراہ کیا ہے اور یہی لیڈران آج کانگریس کے موجودہ بدترین حالات کے لئے ذمہ دار ہیں۔سابق ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر عزیز قریشی نے کہا کہ اب سے چالیس برس قبل جب وہ جنتا پارٹی کے دور حکومت میں لاٹھیاں کھا رہے تھے اور جیل بھرو تحریک چلا رہے تھے تب شاید آج کل کے بڑے کانگریسی لیڈران اپنے گھروندوں میں کھیل رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اب ایسے لیڈران کو اپنی اوقات خود پہچاننا چاہئے اور جن لوگوں نے ماضی میں اندرا کانگریس اور اندرا گاندھی کے لئے اپنی جوخدمات دی ہیں‘ ان کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی عزت و توقیر کرنا چاہئے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading