ممبئی: 15فروری ۔(ایجنسیز)جموں۔کشمیر کے پلوامہ میں جمعرات کو سی آر پی ایف کے قافلے پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد پورے ملک میں غم اورغصہ کا ماحول ہے۔ پورے ملک سے اس حملے کے خلاف آواز اٹھ رہی ہے۔ ملک کے عوام سوشل میڈیا سے لیکر سڑکوں پر مظاہرے کرکے پاکستان اور دہشت گردوں سے بدلہ لینے کے مطالبات کر رہے ہیں۔مہاراشٹر کے ممبئی میں جمعہ کو مسلم کمیونٹی کے لوگوں نے پلوامہ حملے کے خلاف سڑکوں پراتر کر زبردست مظاہرہ کیا۔ ممبئی کے بھنڈی بازار میں مسلموں نے حملے کی جم کر مخالفت کی۔ مظاہرہ کرنے والے لوگوں نے اپنے ہاتھوں میں ترنگا تھاما ہوا تھا۔ اس دوران انہوں نے پاکستان مردہ باد، لشکر طیبہ مردہ باد، جیش محمد مردہ باد،ممسعود اظہر مردہ باد، حافظ سعید مردہ باد جیسے نعرے لگائے۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ شہیدوں کی قربانی ضائع نہیں جانی چاہئے۔ انہوں نے پندستان فوج اور حکومت سے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔غور طلب ہے کہ جمعرات کو 3:20بجے آئی ای ڈی سے سی آر پی ایف کے قافلے کی ایک بس کو نشانہ بنایاگیا۔ اس حملے میں تقریبا 40 سی آر پی ایف جوان شہید ہوگئے۔ پلوامہ کے اونتی پورہ کے گوری پورہ علاقے میں سی آر پی ایف کے قافلے پر دہشت گردوں نے آئی ای ڈی سے حملہ کیا اور پھر تابڑ توڑ فائرنگ کی۔