ناندیڑ:15فروری ۔(ورق تازہ نیوز) گزشتہ روز جموں کشمیر کے پلوامہ علاقے میں دہشت گردوں کے بھیانک فدائین حملے میں 47 فوجی جوانوں کی ہلاکت ہوئی ہے جس کی مذمت میں سارے ملک میں مظاہرے ہو رہے ہیں اور پڑوسی ملک پاکستان کے خلاف شدید غصہ پایا جاتا ہے ۔ آج ناندیڑ شہر میں بھی دن بھر دہشت گردانہ حملے کی مذمت میں مختلف مظاہرے کیے گئے۔اور شہید فوجی جوانوںکو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ 

آج شام سات آئی ٹی آئی چوراہے پر مجلس اتحاد المسلمین نادر کی جانب سے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید جوانوںکو خراج عقیدت پیش کیاگیا ۔ اس موقع پر پارٹی کے ضلع صدر جناب فیروز لالہ کی قیادت میں مجلس کے تمام عہدیداران اور کارکنان نے احتجاج میں حصہ لیا اور دہشتگردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کارروائی کا منہ توڑ جواب دے اور پاکستان کو اچھا سبق سکھائے۔ کیونکہ پاکستان کی پشت پناہی میں ہی جیش محمد جیسی دہشت گرد تنظیم اس طرح کی کارروائی انجام دے رہی ہے۔ اس احتجاج میں مجلس کے سینکڑوں کارکنان نے شرکت کی جن کے ہاتھوں میں پاکستان مردہ باد کے پلے کارڈز بھی اورروشن موم بتیاں بھی تھیں۔ اس موقع پرونچت بہوجن اگھاڑی کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

