اسلام آباد :03 مارچ۔(ایجنسیز)بھارتی میڈیا نے خبر چلائی کہ مولانا مسعود اظہر راولپنڈی کی ملٹری اسپتال میں زیر علاج تھے، جو گزشتہ روز انتقال کرگئے۔قریبی ذرائع کے مطابق مسعود اظہر کے اہلخانہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جیش محمد کے سربراہ زندہ ہیں۔
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسعود اظہر کے انتقال کی بھارتی میڈیا رپورٹ پر کہا کہ میرے پاس کوئی اطلاع نہیں ہے۔انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو میں کہا کہ میں مسعود اظہر کی طبیعیت کی خرابی سے متعلق مزید کچھ نہیں کہنا چاہتا۔
بھارتی میڈیا نے انٹیلی جنس ذرائع کی بنیاد پر یہ دعویٰ کیا تھا کہ مسعود اظہر جگر کے کینسر کے مرض کے باعث راولپنڈی کے ملٹری اسپتال میں زیر علاج تھے۔انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ جیش محمدکے سربراہ 2 مارچ کو دوران علاج انتقال کرگئے۔جیش محمد کے سربراہ کے قریبی ذرائع نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی خبر کی تردید مسعود اظہر کے اہلخانہ نے کردی ہے۔