مراٹھواڑہ میں غیر موسمی بارش سے فصلوں کاپھر نقصان‘5مارچ کو پھر بارش ہوگی

ناندیڑ:یکممارچ۔(ورق تازہ نیوز)جنوب وسطی مہاراشٹر و اطراف اکناف میں موسم میںتبدیلی کے باعث آج مراٹھواڑہ کے بیشتر مقامات پراور ودربھ میں بھی کچھ مقامات پر صبح کے اوقات میں غیر موسمی بارش ہوئی ۔متعدد مقامات پر بجلی کی گھن گرج کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی ۔ محکمہ موسمیا ت کے مطابق آئندہ تین دنوں تک موسم خشک رہے گا اور 5مارچ کو دوبارہ ودربھ میں غیر موسمی بارش کا امکان ہے ۔

آج ریاست میں سب سے زیادہ درجہ حرارت اکولہ میں 35.9 سیلسیس اور سب سے کم ناندیڑ میں 14.5ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا ۔مہاراشٹرمیں آج صبح آٹھ بجے شولاپور میں 8 ایم ایم‘ عثمان آباد 7ایم ایم ‘ ماڈھا 6 ]اورنگ آباد 1.4ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی ۔شولاپور میں کئی مقامات پرژالہ باری ہوئی ۔اورنگ آباد اور ودربھ میں غیر موسمی بارش ہوئی ۔آج شام کے بعد ناندیڑ شہر میں موسم خوشگوار ہوگیااور تیز ہوائیں چل رہی تھی ۔لاتور میں آج شام زوردار بارش ہوئی ۔

کوکن ‘گوا‘ وسطی مہاراشٹراور ودربھ کے کچھ مقامات پر درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ ریاست میں 2تا 4 مارچ کے درمیان گواسمیت ریاست بھر میں موسم خشک رہے گا ۔ 5مارچ کو ودربھ میں کچھ مقامات پر بارش کا امکان ہے۔دریںاثناء آئندہ 48 گھنٹوں میں مراٹھواڑہ کے علاقے میں کچھ مقامات پر طوفانی بارش کے زیادہ امکانات ہیں ، لہذامحکمہ موسمیات کی جانب سے یہ پیغام جاری کیا گیا جس میں شہریوں کو محتاط رہنے ‘ اپنی کٹائی اور دیگر فصلوں کا خیال رکھنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ اسکے علاوہ آسمانی بجلی سے بچنے کیلئے درخت کے سائے میں نہ کھڑے رہےں ۔