جموں و کشمیر کے باندی پورہ میں کچھ دنوں قبل ایک تین سال کی بچی کی آبروریزی کو لے کر لوگوں کا غصہ ابھی کم بھی نہیں ہوا تھا کہ گاندر بل ضلع میں منگل کو ایک اور نابالغ بچی کی آبروریزی کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ متاثرہ لڑکی کے اہل خانہ کی شکایت پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے ۔
پولیس کے ایک افسر نے منگل کو بتایا کہ وسطی کشمیر کے گاندر بل علاقہ کے ایک گاؤں میں پیش آئے واقعہ کے بارے میں اتوار شام کو شکایت ملی ۔ شکایت ملنے کے بعد پولیس نے اسی علاقہ کے رہنے والے ملزم محمد آصف وانی کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ملزم کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 451 اور 376 پوسکو ایکٹ کی دفعہ چار کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے اورجانچ کیلئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل د ے دی گئی ہے ۔
غور طلب ہے کہ گزشتہ چھ دنوں میں اس طرح کا یہ دوسرا معاملہ ہے ۔ اس سے پہلے باندی پورہ ضلع میں 9 مئی کو ایک تین سال کی معصوم کی آبروریزی کی خبر سامنے آئی تھی ۔ حالانکہ ملزم طاہر احمد میر کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، لیکن ملزموں کو سخت سزا دینے کے مطالبہ کو لے کر وادی میں مسلسل احتجاج ہورہا ہے ۔
#UrduNewsJammuKashmir #Ganderbal #Kashmir #Rape #Minor #Police