ممبئی، 15 نومبر(سیاست ڈاٹ کام)مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے کی کلیدی ملزمہ سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر و دیگر بھگواء ملزمین کی جانب سے سرکاری گواہوں کی تفصیلات طلب کرنے والی عرضداشت کی آج قومی تفتیشی ایجنسی این آئی اے نے شدید مخالفت کی اور عدالت میں دو صفحات پر مشتمل تحریری جواب داخل کرتے ہوئے کہا کہ گواہوں کے ناموں کو قانون کے تحت اور ان کی حفاظت کے مد نظر مخفی رکھا گیا ہے نیز گواہی دینے سے قبل ان کی تفصیلات ملزمین کو بتا دی جائے گی لیکن ابھی جبکہ گواہوں کو گواہی کے لیئے طلب کیا جانا باقی ہے گواہوں کی تفصیلات ملزمین کو نہیں بتا ئی جاسکتی۔موصولہ اطلاعات کے مطابق قومی تفتیشی ایجنسی کے خصوصی سرکاری وکیل اویناس رسال نے خصوصی این آئی اے جج ونود پڈالکر کو بتایا کہ ملزمین کے خلاف فرد جرم داخل کرنے کے بعد انہیں این آئی اے قانون کی دفعہ 17، یو اے پی اے قانون کی دفعہ 44 اور مکوکا قانون کی دفعہ 19 کے تحت گواہوں کے نام مخفی رکھتے ہوئے ان کے بیانات ملزمین کو دیئے گئے تھے ۔سرکاری وکیل نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزمین کی درخواست کو مسترد کردینا چاہئے کیونکہ گواہوں کے نام ظاہر کرنے سے مقدمہ پر اثر پڑھ سکتا ہے ۔فریقین کی عرضداشتوں کو سماعت کے لیئے قبول کرتے ہوئے عدالت نے فریقین سے اس معاملے پر بحث کرنے کے لیئے ۹۱؍ نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے ۔