لگاتار تیسرے دن بھی موسلادھار بارش کے سبب تھانے جل تھل
عام زندگی مفلوج، کلیان، دیوا زیر آب، انتظامیہ چوکنا، اسکولوں میں تعطیل کل اعلان، 241 ایم ایم بارش درج
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے ضلع بھر میں گذشتہ دو دنوں سے جاری موسلادھار بارش نے قیامت برپا کررکھی ہے۔ جگہ جگہ پر پانی بھر گیا ہے جس کے سبب عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔راستوں پر بھی پانی بھر جانے سے ٹریفک نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے۔ شہر کے معتدد نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے، درخت گرنے، دیواریں گرنے جیسے درجنوں واقعات رونما ہوئے ہیں۔ باروی ڈیم اپنی سطح سے چھلک جانے کے سبب ممبرا سے متصل دیوا زیر آب ہوگیا آج دن بھر سات کشتیوں کی مدد سے آرمی، ٹی ڈی آر ایف و فائر بریگیڈ کے عملے نے 8500 لوگوں کو وہاں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا اور انتظامیہ کی جانب سے ان کے قیام و طعام کے انتظامات کیے گئے۔ موسلادھار بارش کے سبب کلیان تعلقہ کے کھڑولی کا جو گاؤں پوری طرح سے ڈوب گیا خبر ملتے ہی فوراً این ڈی آر ایف اور ایئر فورسز کے ہیلی کاپٹر کی مدد سے گاؤں میں پھنسے 59 لوگوں کو وہاں سے منتقل کر تھانے کے کولشیت بیس کیمپ میں لایا گیا ان لوگوں کے ناشتہ، کھانا اور رہنے کے انتظامات تھانے ضلع نگراں وزیر ایکناتھ شندے کے احکامات کے مطابق بالکم کے میونسپل کارپوریشن اسکول میں کیا گیا۔ ایکناتھ شندے نے ان لوگوں سے ملاقات کر ان کی مزاج پرسی کی۔ ان لوگوں کے لیے ڈاکٹروں کی ٹیم کا بھی انتظام کیا گیا۔ ایکناتھ شندے نے گاؤں والوں کی مدد کے لیے این ڈی آر ایف اور ایئر فورس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ گذشتہ دو دنوں سے جاری موسلادھار بارش میں تھانے میونسپل کارپوریشن عملہ پوری مستعدی سے کام کر رہا ہے آج تھانے ضلع نگراں وزیر ایکناتھ شندے نے کارپوریشن کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل میں حاضری دیکر وہاں کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ضروری اقدامات کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر تھانے میونسپل کارپوریشن کے کمشنر سنجیو جیسوال اور دیگر حکام موجود تھے۔ تھانے شہر میں دو دنوں سے زوردار برسات ہورہی ہے اس لیے میونسپل کمشنر جیسوال تمام عوامی نمائندوں، کارپوریٹروں سے مسلسل رابطہ میں ہیں۔ وہی دیوا میں میونسپل کارپوریشن کے عملہ میں ٹی ڈی آر ایف کی دو ٹیم، چھ کشتیاں، ڈپٹی کمشنر، دو اسسٹنٹ کمشنر، ایگزیکٹو انجینئر راحت کام کررہے ہیں۔ تھانے کے شری رنگ سوسائٹی، ورنداون سوسائٹی، روتو پارک، کلوا کے کچھ علاقے رگھوکل سوسائٹی، وندنا سنیما کے قریب کا علاقہ، جامنی ناکہ بازار، حضوری کا کچھ حصہ، واگلے اسٹیٹ، گھوڑبندر روڑ پر متعدد مقامات پر پانی بھر جانے سے وہاں کے مکینوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ممبرا میں چار مکانات کا حصہ گرجانے سے وہ مکانات خالی کرایا گیا، ماجیواڑہ پربھاگ سمیتی کے پاتلی پاڑہ علاقہ میں 25 غیر محفوظ مکانات خالی کرواکر انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ وہی مسلسل موسلادھار بارش کے سبب تھانے کے کلکٹر راجیش نارویکر نے کل تھانے ضلع کے تمام اسکولوں میں تعطیل کے احکامات جاری کیے ہیں۔ آج دن بھر میں 241 ایم ایم بارش درج کی گئی۔