لاتورمیونسپل کارپوریشن حدود میں تین برسوں بعد بھی”امرت اسکیم”ہنوز نامکمل… ٹھیکیدار نے پھر مانگی مدت…

لاتور(محمدمسلم کبیر)مرکزی حکومت کی جانب سے منظور شدہ”امرت اسکیم”جس کا مقصد شہریان لاتور کو آبرسانی کے لئے تمام وسائل مہیا کرانا ہے.اس اسکیم کو مرکزی حکومت نے 15/ اکتوبر 2016 کو منظوری دی تھی اور اس کام کی تکمیل کی مدت صرف 18ماہ تھی.ٹھیکیدار کو دی گئی یہ مدت 15/اپریل 2018 کو ہی ختم ہوئی لیکن اب تک ٹھیکیدار کے مطالبے پر اس مدت کی تین بار توسیع کی گئی.اس کے باوجود”امرت اسکیم” کا کام پائے تکمیل کو نہیں پہنچ پایا. اب مزید مدت کے حصول کے لئے ٹھیکیدار نے چوتھی مرتبہ درخواست کی ہے.لیکن اب شہریان لاتور کی نظریں اس فیصلے پر لگی ہیں کہ آیا اس ٹھیکیدار کو مدت دی جاتی ہے یاپھر اس پر کسی قسم کی کاروائی کی جائیگی.چونکہ اس سے قبل ٹھیکیدار پر یومیہ جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا.

واضح ہو کہ مرکزی حکومت کے امرت اسکیم کے تحت لاتور شہر کے آبرسانی میں تسہیل کے لئےلاتور شہر کے پروجیکٹ نمبر ایک کے تکنکی کاموں میں سے ہرنگول آبی صفائی مرکز کی درستی کے لئے 75.98 لاکھ روپئے، ورونٹی آبی صفائی مرکز کے تکنکی کاموں کے لئے52.11 لاکھ روپئے، آروی آبی صفائی مرکز کے لئے 34.02 لاکھ روپئے،ورونٹی آبی صفائی مرکز میں لوبریکیٹیڈ پمپس بٹھانے کے لئے73.89 لاکھ روپئے،آروی مرکز پر لوبریکیٹیڈ پمپس بٹھانے کے لئے 37.86 لاکھ روپئے،ہرنگول مرکز پر لوبریکیٹیڈ پمپس بٹھانے کے لئے 57.18 لاکھ روپئے،ہرنگول آبی صفائی مرکز میں وی ٹی پمپس کی تنصیب کے لئے 57.18 لاکھ روپئے، اسی طرح دھنے گاؤں آبی پروجیکٹ میں موجود باولیوں،ہرنگول،ورونٹی اور اروی آبی صفائی مراکز پر اسکاڈ سسٹم کی تنصیب کے لئے 262.24 لاکھ روپئے،ورونٹی مرکز میں عارضی طور پر بند شدہ بجلی سپلائی کو از سرنوع جاری کرنے کے لئے 58.56 لاکھ روپئے اس طرح جملہ 661.86 لاکھ روپئوں پر مبنی کاموں کا شمار ہے.

امرت اسکیم دوسرے مرحلے کے تعمیری کاموں کے سروے کے لئے 9.37 لاکھ روپئے، اوشا کرن تھیئٹر کے عقب میں 15 لاکھ لیٹر کمیت کی ٹنکی کی تعمیرکے لئے119.83 لاکھ روپئے،15 لاکھ لیٹر کمیت کی نئی ٹنکی کو آبرسانی کرنے کے لئے 250 ایم ایم رقبے پر مبنی ڈی آئی پائپ لائن بچھانے کے لئے 51.82 لاکھ روپئے،شہر کی نئی آبادیوں میں 82 کلومیٹر پائپ لائن بچھانے،46 کلومیٹر قدیم پائپ لائن کی تبدیل کرنے اور بنیادی آبرسانی کرنے والی پائپ لائن کی متوازی 17 کلومیٹر پائپ لائن بچھانے کے لئے2790.23 لاکھ روپئے،شفاف وغیر شفاف پانی کے ایر والو تبدیل کرنے کے لئے 17.10 لاکھ روپئے، آروی آبی صفائی مرکز میں پانچ لاکھ لیٹر کمیت کے شفاف پانی پر سب ویل اور پمپ ہاؤس کی تعمیر کے لئے 37.79 لاکھ روپئے، ورونٹی آبی صفائی مرکز پر آٹھ لاکھ لیٹر کمیت کے شفاف پانی پر سب ویل اور پمپ ہاؤس کی تعمیر کے لئے 53.44 لاکھ روپئے، آروی و ورونٹی مراکز پر تعمیری کاموں کی درستی کے لئے 16.81 لاکھ روپئے،اس طرح جملہ3096.40 لاکھ روپئے کے کام کئے جانے والے ہیں.ان دونوں مراحل کے کاموں کے لئے مرکزی حکومت سے 23.10 کروڑ روپئے، ریاستی حکومت سے 11.55 کروڑ روپئے اور لاتور میونسپل کارپوریشن کے 11.55 کروڑ روپئے شامل ہیں.اس خطیر رقم کے تصرفات کے باوجود مجوزہ کام کے اندرون مدت اور توسیع مدت کے بعد بھی تکمیل نہ ہونے سے شہریان لاتور کو امرت اسکیم کے فوائد سے محروم رہنا پڑ رہا ہے.

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading