ممبئی: (ورق تازہ نیوز)انڈین ایئرفورس کے جوانوں نے پاکستان میں داخل ہوکر غیرمعمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے اڈوں کو تباہ کردیا ہے۔ یہ ہرہندستانی کے لئے انتہائی خوشی ومسرت کی بات ہے ۔ ہندوستانی فوجیوں کے تئیں ہرہندوستانی کے دل میں فخر ہے۔ اس غیرمعمولی بہادری کی تحسین کرنے کے لئے الفاظ کم پڑجاتے ہیں، لیکن دل سے ان بہادروں کے لئے شاباشی نکل رہی ہے۔ یہ باتیں مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ممبرپارلیمنٹ اشوک چوہان نے انڈین ایئرفورس کی تحسین کرتے ہوئے کہی ہیں۔اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اشوک چوہان نے مزید کہا کہ انڈین ایئرفورس نے صرف حملہ ہی نہیں کیا بلکہ پاکستان کی نظروں کے سامنے دہشت گردی کے اڈوں کو تباہ کرکے واپس بھی آئے۔
یہ بہادری کا انتہائی بلند مظاہرہ ہے۔ اس کارروائی سے پاکستان کو ایک بار پھر بھارت کی طاقت کا اندازہ ہوا ہوگا۔ ۱۷۹۱ءمیں اس وقت کی وزیراعظم آنجہانی اندراگاندھی کی قیادت میں ہندوستانی فوج نے نہ صرف پاکستان کو شکست دیا بلکہ پاکستان کے دوٹکڑے کرکے بنگلہ دیش بنایا۔ پاکستان کے ۱۹ ہزار فوجی اس وقت ہندوستانی فوج کے سامنے خودسپردگی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ ہندوستانی فوج میں بے پناہ قابلیت ہے۔ پاکستان کواسی طرح سبق سکھانے کا وقت آگیا ہے۔ دہشت گردوں کا سرغنہ مسعود اظہر کا خاتمہ کرکے پاکستان کے خلاف اس قدر سخت کارروائی ہونی چاہئے کہ وہ دوبارہ دہشت گردووں کی پشت پناہی کی ہمت نہ کرے۔