قطر کی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ راس لفان اینرجی کمپلیکس میں لگی آگ پر اب قابو پا لیا گیا ہے اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
وزارت کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اینرجی کمپلیکس پر جس مقام میں آگ لگی تھی وہاں کولنگ کا عمل جاری ہے اور خطرناک مواد کو ایک خصوصی یونٹ سنبھال رہا ہے۔
یاد رہے کہ راس لفان تنصیب پر جمعرات کی صبح سویرے ایرانی راکٹ حملہ کیا گیا تھا، جو اسرائیل کے ساؤتھ پارس گیس فیلڈ پر حملے کے جواب میں تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حملے پر ٹروتھ سوشل پر طویل پوسٹ میں بیان دیا ہے کہ یہ جوابی کارروائی غیر منصفانہ اور بلاجواز تھی اور خبردار کیا کہ قطر جیسے ’معصوم‘ ممالک پر مزید حملوں کی صورت میں امریکہ ساؤتھ پارس گیس فیلڈ کو ’مکمل طور پر تباہ‘ کر دے گا۔
قطر اور ایران میں تیل اور گیس کی تنصیبات پر ہوئے تازہ حملوں کے بعد یورپ اور برطانیہ میں گیس کی قیمتوں میں بڑا اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر ایران نے دوبارہ قطر کی انرجی تنصیبات پر حملہ کیا امریکہ ایران کے بڑے گیس فیلڈ کو تباہ کر دے گا۔