ناندیڑ: مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے شاندار دعوتِ افطار، قومی یکجہتی کا حسین مظاہرہ

ناندیڑ: (ورق تازہ نیوز)کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے آج شہر کے رائل گارڈن فنکشن ہال میں ایک پُرتکلف اور باوقار دعوتِ افطار و طعام کا اہتمام کیا گیا۔ یہ روحانی و سماجی تقریب سابق مہاراشٹر صدر سید معین کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں معزز شخصیات اور عوام الناس نے شرکت کی۔

اس موقع پر سابق مراٹھواڑہ صدر فیروز خان لالہ، ضلع صدر مرزا امجد سمیت مجلس کے کارپوریٹرز، ذمہ داران اور کارکنان کی کثیر تعداد موجود رہی۔ دعوتِ افطار میں ناندیڑ ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اویناش کمار، گرامین پولیس کے پی آئی اوماکانت چنچولیکار اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی، جس سے تقریب کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا۔

اس بابرکت محفل میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے برادرانِ وطن کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے ضلع و شہر میں قومی یکجہتی، بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کا عملی پیغام دیا۔

تقریب کے دوران خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، جس میں امتِ مسلمہ کی خیر و عافیت، ملک میں امن و سلامتی اور باہمی اتحاد و یگانگت کے لیے رقت آمیز دعائیں مانگی گئیں۔ افطار کے بعد تمام حاضرین نے اجتماعی طور پر نمازِ مغرب ادا کی، جس کے بعد مہمانوں کے لیے طعامِ عام کا بھی بہترین انتظام کیا گیا۔

اس پروقار اور پُرمسرت تقریب میں شہر کی مذہبی، سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ تمام معزز مہمانوں کی گلپوشی سید معین کی جانب سے انجام دی گئی۔

واضح رہے کہ اس عظیم الشان دعوتِ افطار میں ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ برادرانِ وطن نے بھی شرکت کی، جس نے ناندیڑ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد کی ایک بہترین مثال قائم کی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading