
لکھنؤ: ہاتھرس معاملے میں فیکٹ چیک کرنے والے محمد زبیر کو 27 جولائی تک عدالتی تحویل میں بھیجا گیا ہے۔ محمد زبیر کے خلاف اتر پردیش میں کئی ایف آئی آر درج کی گئی ہیں، جن میں ہاتھرس میں درج کی گئی دو ایف آئی آر بھی شامل ہیں۔ زبیر کی گرفتاری کے بعد 4 جولائی کو ہاتھرس میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
ان پر ہندو دیوتا شیو کی تصویر ٹوئٹ کرنے کے سلسلہ میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ہاتھرس کورٹ سے پولیس کی درخواست پر زبیر کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے وارنٹ جاری کیے گئے، جس کے بعد انہیں آج عدالت میں پیش کیا گیا۔
آج سماعت ختم ہونے کے بعد انہیں 27 جولائی تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ زبیر کے وکلا کی جانب سے یہ دلیل دی گئی کہ زبیر کو جیل میں رکھنے کے لیے یوپی پولیس ایک کے بعد دوسری ایف آئی آر سامنے لا لا رہی ہے۔ خیال رہے کہ محمد زبیر کے خلاف صرف اتر پردیش میں ہی کل 6 معاملے درج ہیں، اور تحقیقات کے لئے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔ تحقیقات آئی جی سطح کے افسر کریں گے۔ ان تمام معاملات میں ایک ہی جیسی دفعات عائد کی گئی ہیں۔